مینوفیکچرنگ سیکٹر کی سرگرمیوں میں بہتری

0

نئی دہلی، (پی ٹی آئی)
ملک میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کی سرگرمیوں میں ستمبر میں مسلسل دوسرے ماہ بہتری آئی ہے۔ ایک ماہانہ سروے کے مطابق نے آرڈروں اور پیداوار میں اضافہ سے ستمبر میں مینوفیکچرنگ سرگرمیاں تقریباً ساڑھے 8 سال کی اعلیٰ ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ 
آئی ایچ ایس مارکیٹ انڈیا کا مینوفیکچرنگ خرید مینیجر انڈیکس (پی ایم آئی) ستمبر میں بڑھ کر 56.8 پر پہنچ گیا۔ اگست میں یہ 52 پر تھا۔ جنوری 2012 کے بعد یہ پی ایم آئی کی سب سے اونچی سطح ہے۔ آئی ایچ ایس مارکیٹ کی اکنامکس ایسوسیئیٹ ڈائرکٹر پولی انا ڈے لیما نے کہا کہ ’ہندوستان کی مینوفیکچرنگ سرگرمیاں صحیح سمت میں بڑھ رہی ہیں۔ ستمبر کے پی ایم آئی اعداد و شمار میںکئی مثبت چیزیں ہیں۔ کووڈ19- رکاوٹوں میں ڈھیل کے بعد کارخانے پوری صلاحیت سے کام کر رہے ہیں اور انہیں نئے آرڈر مل رہے ہیں۔‘ اپریل میں مینوفیکچرنگ پی ایم آئی منفی دائرے میں چلا گیا تھا۔ اس سے پچھلے مسلسل 32 مہینے تک یہ مثبت رہا تھا۔ پی ایم آئی کے 50 سے اوپر رہنے کا مطلب ہے کہ سرگرمیوں میں توسیع ہو رہی ہے جبکہ 50 سے کم سکڑائو کو ظاہر کرتا ہے۔  لیما نے کہا کہ ’مجموعی فروخت کو نئے برآمداتی آرڈروں سے بھی حمایت ملی ہے۔ کووڈ19- وبا پھیلنے کے بعد پہلی بار یہ صورتحال بنی ہے۔‘ لیما نے کہا کہ ’مسلسل 6 مہینے تک گراوٹ کے بعد برآمدات میں بہتری آئی ہے۔‘ 
سروے میں کہا گیا ہے کہ آرڈروں میں بہتری کے باوجود ہندوستان میں پروڈکشن کرنے والوں نے اپنے ملازمین کی تعداد میں ایک اورکٹوتی کا اشارہ دیا ہے۔ کئی معاملوں میں سماجی دوری کی رہنما ہدایات پر عمل آوری کے لیے ایسا کیا جا رہا ہے۔ یہ مسلسل چھٹا مہینہ ہے جب روزگار میں کمی آئی ہے۔ لیما نے کہا کہ ’جو ایک شعبہ ابھی تشویش پیدا کرتا ہے، وہ ہے روزگار۔ کچھ کمپنیوں کو ملازمین کی تقرری میں دقتیں پیش آ رہی ہیں جبکہ کچھ دیگر کا کہنا ہے کہ سماجی دوری پرعمل آوری کے لیے انہوں نے اپنے ملازمین کی تعداد کو کم سے کم کیا ہے۔‘ سروے میں کہا گیا ہے کہ اگلے 12 ماہ کے دوران تقریباً 33 فیصد مینوفیکچررس کو پیداوار میں اضافہ کی توقع ہے۔ وہیں 8 فیصد کا ماننا ہے کہ پیداوار میں کمی آئے گی۔ 
 ستمبر میں بہت ساری مثبت باتیں تھیں۔ فیکٹریوں نے پوری صلاحیت سے پروڈکشن کیا۔ نئے آرڈرس میں جلدی سے تیزی سے اسے حمایت ملی۔ بیرون ملک سے بھی آرڈر میں اضافہ ہوا ہے۔ صرف تشویش روزگار کے بارے میں ہے ۔ کمپنیوں کے زیر التوا آرڈرس میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ فروخت میں اضافہ اور ملازمین کی کم تعداد ہے۔ انہوں نے بڑھے ہوئے آرڈر کو پورا کرنے کیلئے خام مال کی خریداری میں بھی اضافہ کیا ہے۔

 ساڑھے آٹھ برسوں میں خام مال کی خریداری میں سب سے زیادہ تیزی دیکھی گئی۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS