کورونا کے معاملات میں اچانک اضافے کے پیش نظر غازی آباد انتظامیہ نے آج کہا غازی آباد میں دہلی – اتر پردیش کی سرحد کو ایک بار پھر سیل کیا جا رہا ہے۔ اتوار کے روز ، غازی آباد میں 10 افراد کورونا مثبت پائے گئے، یہ ضلع ریاست میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔ غازی آباد میں کورون وائرس کے 227 معاملے سامنے آئے ہیں جن میں سے 33 ایکٹو کیسز ہیں۔
انتظامیہ نے حکم جاری کرنے کے دوران کہا کہ ضلع غازی آباد میں پچھلے کچھ دنوں سے مسلسل کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان معاملات کا ایک بہت بڑا حصہ ان لوگوں سے منسلک ہے جو دہلی اور غازی آباد کے درمیان سفر کرتے ہیں،اس لئے بارڈر کو ایک بار پھر سیل کیا جائے گا۔
صرف ایسے لوگوں کو ہی غازی آباد سرحد میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جو ’پاس‘ بنائے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں ضروری خدمات سے متعلق لوگوں کو بھی سرحد میں داخل ہونے کی چھوٹ ہوگی۔ اس سے قبل لاک ڈاؤن 2 کے دوران بھی اس بارڈر کو سیل کر دیا گیا تھا۔