نئی دہلی: دبئی کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے دبئی ایئرپورٹ پر ائیر انڈیا ایکسپریس کی پروازوں کے اترنے پر 15 دنوں کے لئے پابندی عائد کردی ہے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے آج کہا کہ اس کی دبئی جانے والی پروازوں پر سفر کرنے والے دو مسافر کے کووڈ ۔19 سے متاثر پانے جانے کے بعد یہ پابندی لگائی گئی ہے۔ اسے جمعرات کے روز دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے یہ نوٹس ملا ہے اوریہ پابندی آج سے نافذ ہوگئی ہے۔
کووڈ ۔19 سے متاثر پانے جانے والے دو میں سے ایک مسافر 28 اگست کو دہلی سے گیا تھا اور دوسرا مسافر 04 ستمبر کو جے پور سے دبئی گیا تھا۔ دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے ضابطے کے مطابق کورونا وائرس کی جانچ کروانے کے بعد ان مسافروں کے آس پاس کی سیٹوں پر بیٹھے مسافروں کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔
اس پابندی کے بعد ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپنی گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسی سے تمام ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کو کہا ہے۔ دہلی اور جے پور کی ایجنسیوں نے ذمہ دار ملازمین کے خلاف قابل سزا کارروائی کی ہے۔
پندرہ دنوں کی پابندی سے متاثر ہونے والے مسافروں کو ایئر انڈیا ایکسپریس نے شارجہ کی پرواز میں نشستیں فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ ایئرلائن شارجہ کے لئے اضافی پروازیں چلائے گی۔ مسافرین چاہیں تو شارجہ کی پرواز لینے کے بجائے 15 دن کے بعد کسی تاریخ میں دبئی کی پرواز لے سکتے ہیں، جس کے لئے کوئی اضافی چارچ نہیں ہے۔