سری نگر:وادی کشمیر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے سردیوں کی شدت روز افزوں زور پکڑ رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے گذشتہ شب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں پانچ دسمبر تک مطلع صاف رہنے کی توقع ہے اوراس کے بعد برف و باراں کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے۔
وادی میں بدھ کی صبح شدید سردیوں کی وجہ سے لوگوں نے دیر تک گھروں میں ہی بیٹھے رہنے کو ترجیح دی۔ بعد ازاں اگرچہ دن میں آفتاب کئی بار بادلوں کی اوٹ سے باہر آیا لیکن سردی کی شدت سے لوگوں کو راحت فراہم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔لوگوں نے دفتروں،دکانوں اور دیگر کام کی جگہوں پر گرمی کے لئے گرمی کے آلات جیسے ہیٹروں کا انتظام کیا تھا۔
متعلقہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے شہرہ دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں سال گذشتہ ماہ نومبر کے اوائل میں ہی بھاری برف باری ہوئی تھی جس سے عام لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پرا تھا اور کسان طبقے کو بے تحاشا نقصان ہوا تھا۔
کشمیر میں موسم خشک، لیکن درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS