سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
کرونا وائرس کے خوف سے عام بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو نظرانداز کئے جانے اور اسپتالوں میں انکی جانب توجہ نہ کئے جانے کی شکایتوں کے بیچ جموں کشمیر سرکار نے ایک ڈاکٹر کو معطل کردیا ہے۔ڈاکٹر پر ماسک پہنے بغیر اسپتال آئے ایک مریض کا علاج کرنے سے انکار کرنے کا الزام ہے جسکی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ واقع جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کا ہے کہ جہاں کے ایک شہری نے دیر رات ضلع کمشنر کو ٹیلی فون کرکے انہیں واقع کی اطلاع دی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سوموار رات ساڑھے دس بجے ایک شخص نے ضلع کمشنر کو فون کرکے شکایت کی کہ وہ اپنی مریض بیٹی کو لیکر عوامی صحت مرکز (پی ایچ سی) پر آئے ہوئے ہیں لیکن یہاں موجود ڈاکٹر،نسار احمد،اس وجہ سے مریضہ کا ملاحظہ کرنے سے انکاری ہیں کہ انہوں نے ماسک نہیں پہنا ہوا ہے۔ ضلع کمشنر نے اس معاملے کو دیکھ لینے کا کہتے ہوئے شاکی کو تسلی دی اور آض مذخورہ ڈاکٹر کی معطلی کا حکم صادر کردیا۔ اس حکم میں درج ہے ’’ڈاکٹر کا انکار طبی اخلاقیات کے برخلاف ہے۔ماسک پہنے بغیر مریضہ کا ملاحظہ کرنے سے انکار کی بجائے ڈاکٹر انہیں ماسک فراہم کرسکتا تھا یا پھر انہیں کسی کپڑے سے منھ ڈھکنے کیلئے کہہ سکتا تھا لیکن طبی معائنہ کرنے سے انکار ڈاکٹر کا مجرمانہ عمل ہے‘‘۔حکم نامہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بروقت علاج کرنے سے انکار کرکے مذکورہ ڈاکٹر نے مریضہ کی جان خطرے میں ڈال دی ہے۔
ضلع کمشنر نے مذکورہ ڈاکٹر کو معطل کرکے انہیں چیف میڈیکل افسر(سی ایم او) کولگام کے دفتر کے ساتھ منسلک کردیا ہے جبکہ سی ایم او کو پانچ دنوں کے اندر اندر اس واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ محکمہ صحت کے صدر دفتر سرینگر میں ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ضلع کمشنر کولگام نے اپنے طور سے کارروائی کی ہے جبکہ محکمۂ صحت اپنے طور اس واقعہ کی تحقیقات کرے گا۔ مذکورہ افسر نے انکا نام نہ لئے جانے کی شرط پر بتایا ’’ایک ڈاکٹر کسی بھی مریض کا علاج کرنے سے انکاری نہیں ہوسکتا ہے لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ ایک ڈاکٹر بھی انسان ہی ہے۔بعض اوقات ڈاکٹروں پر بے جا اور من گھڑت الزامات بھی لگتے رہے ہیں ۔ البتہ تازہ واقعہ کی تحقیقات کی جائے گی‘‘۔
کووِڈ19- کے مہلک مرض کے وبا بن کر پھیلنے کے بعد سے سرکاری و غیر سرکاری اسپتالوں میں عام مریضوں کو نظرانداز کردئے جانے کی شکایات عام ہیں۔حالانکہ سرکاری انتظامیہ نے اس بارے میں کئی ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈاکٹروں پر عام مریضوں کو نظرانداز نہ کرنے کیلئے زور دیا ہے تاہم اسکے باوجود بھی مختلف علاقوں سے یہ شکایات موصول ہونا جاری ہے کہ خود بیمار ہونے کے ڈر سے ڈاکٹر صاحبان مریضوں کو ہاتھ لگانے تک سے ڈررہےہیں۔
بغیرِ ماسک کی مریضہ کا علاج کرنے سے انکار کرنے پر ڈاکٹر معطل،واقعہ کی تحقیقات کا حکم صادر
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS