ہند،چین ایل اے سی سے فوج ہٹانے کے تئیں پرعزم

0

نئی دہلی: ہندوستان اور چین کے درمیان حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی)پر موجودہ تعطل کو دور کرنے کے لئے منگل کو ہوئی دونوں ممالک کے کور کمانڈروں کی چوتھی میٹنگ میں فوجیوں کو پیچھے ہٹانے کے معاملہ پر قائم اتفاق رائے کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت دفاع نے آج یہاں ایک بیان میں بتایا کہ ہندوستانی فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈروں کے درمیان چوتھے دور کی بات چیت کے لئے 14 جولائی 2020کو ایک میٹنگ کا انعقاد ہندوستانی علاقے چشول میں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سینئر کمانڈروں نے پہلے مرحلے میں سرحد سے فوجیوں کو پیچھے ہٹانے کے لئے ہوئی بات چیت کے نفاذ پرپیش رفت کا جائزہ لیا اورپوری طرح سرحدوں سے افواج کو پیچھے ہٹانے کے اقدام کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔بیان کے مطابق دونوں فریق پوری طرح سے پیچھے ہٹنے کے مقصد کے لئے پرعزم ہیں۔ عمل پیچیدہ ہے اور اس میں مسلسل تصدیق کی ضرورت ہے۔دونوں فریق اسے سفارتی اور فوجی سطح پرباقاعدہ میٹنگوں کے ذریعہ سے آگے بڑھارہے ہیں۔
حقیقی کنٹرول لائن پر دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان جون کے وسط میں ہوئے خونی تصادم کے بعد پانچ جولائی کو قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال اور چین کے وزیرخارجہ وریاستی مشیر وانگ یی کے درمیان تقریباً دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک ویڈیو کانفرنسننگ میں سرحدی علاقوں سے افواج کو ہٹانے کے تعلق سے اتفاق رائے قائم ہوا تھا۔اس پر بھی اتفاق ہواتھا کہ مرحلہ وار طریقہ سے عدم استحکام کا پیچیدہ عمل صبر اور احتیاط سے مکمل کیا جائے گا۔
وزارت دفاع کے مطابق منگل کی میٹنگ اسی سلسلے میں ہوئی تھی۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS