غریبوں اور کمزور طبقات کے لوگوں کوسیدھے مالی تعاون دیا جانا چاہیے:راہل گاندھی
نئی دہلی، (پی ٹی آئی):کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز الزام لگایا کہ مرکزی سرکار کی ناکام پالیسیوں کے سبب کورونا وائرس کی دوسری لہر آئی ہے اور مزدور پھر سے نقل مکانی کرنے کو مجبور ہیں لیکن اس ’مغرور سرکار‘ کو اچھے مشوروں سے ’الرجی‘ ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’مرکزی سرکار کی ناکام پالیسیوں سے ملک میں کورونا کی بھانک دوسری لہر ہے اور تارکین وطن مزدور دوبارہ نقل مکانی کو مجبور ہیں۔‘
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’ٹیکہ کاری بڑھانے کے ساتھ ہی ان کے ہاتھ میں روپے دینا ضروری ہے – عام لوگوں کی زندگی اور ملک کی معیشت دونوں کے لیے۔ لیکن مغرور سرکار کو اچھے مشوروں سے الرجی ہے!‘ ا سے قبل 8 اپریل کو راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مشورہ دیا تھا کہ کورونا وائرس ٹیکوں کی خرید و تقسیم میں ریاستوں کا کردار بڑھانے کے ساتھ ہی سبھی ضرورت مند لوگوں کو ٹیکہ لگانے کا انتظام کیا جائے اور ٹیکے کی برآمدات پر فوری روک لگائی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس مشکل وقت میں غریب طبقوں کو راست طور پر مالی مدد دی جائے۔ دوسری جانب ویڈیو کانفرنس کے توسط سے ہونے والی کانگریس صدر سونیا گاندھی کی میٹنگ میں کانگریس کے سابق صد راہل گاندھی، راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت، پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ، چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل اور کئی دیگر ریاستوں کے وزرا بھی شامل ہوئے۔
میٹنگ میں راہل گاندھی نے کورونا وائرس کی نئی لہر کو لے کر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سرکار کو وقت سے پہلے فتح کا اعلان کرنے کے بجائے کورونا وائرس کے خلاف سب کے ساتھ مل کر اور پوری توانائی کے ساتھ کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کورونا نے غریبوں اور کمزور طبقوں کے لوگوں کی زندگی کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور ایسے میں انہیں سیدھے مالی تعاون دیا جانا چاہیے۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ کورونا کے ٹیکے کی کمی حقیقت ہے جس سے منھ نہیں پھیرا جا سکتا اور مرکزی سرکار کو سبھی ریاستوں اور متعلقہ فریقوں کو ساتھ لے کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امریندر سنگھ نے بھی پنجاب میں کورونا کے ٹیکے کی کمی ہونے کا ذکر کیا اور کہا کہ ریاست کے پاس صرف 3دنوں کے لیے ٹیکے بچے ہیں لیکن مرکز سے کوئی یقین دہانی نہیں ملی۔ بگھیل نے بھی کہا کہ چھتیس گڑھ میں صرف 3 دن کے لیے ٹیکے بچے ہیں اور مرکز کو سپلائی بڑھانی ہوگی۔ مہاراشٹر سرکار کے وزیر بالا صاحب تھوراٹ نے کہا کہ اگر مرکزی سرکار ٹیکہ مہیا کرائے تو ان کی ریاست میں روزانہ 5لاکھ لوگوں کو ٹیکہ لگایا جا سکتا ہے۔