دہلی: ستییندر جین کی وزارتوں کا چارج سسودیا کوسونپا

0

نئی دہلی: دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے پیش نظر ان کے ماتحت وزارتوں کا کام فی الحال نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو سونپا گیا ہے۔
جین کو تیز بخار اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر پیر کی رات راجیو گاندھی سپر اسپیشلائٹی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں بدھ کے روز ان کی جانچ میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوگئی۔ اس سے قبل منگل کے روز جین کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا، جین ابھی بھی اسپتال میں ہی ہیں۔ ان کے بیمار ہونے کی وجہ سے وزارت صحت سمیت ان کے ماتحت دیگر وزارتوں کا چارج سیسودیا کو سونپا گیا ہے۔ وہ ان وزارتوں کی اضافی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے سب سے بھروسہ مند سیسودیا کے پاس وزارت خزانہ اور تعلیم جیسے دیگر اہم محکموں کی ذمہ داری پہلے سے ہے۔ جین کے پاس وزارت صحت کے علاوہ واٹر اور پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کا چارج بھی ہے۔
غور طلب ہے کہ وزیر صحت دہلی میں کورونا سے بگڑتی صورتحال پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے بلائی جانے والی ایک اعلی سطحی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔
اس میٹنگ میں مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن ، لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل ، کیجریوال ، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا ، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا اور مرکز اور دہلی کے کئی سینئرافسران بھی موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS