نئی دہلی (محمد عرفان؍ایس این بی) : دہلی یونیورسٹی میں اب مارک شیٹ لینے کے لیے طلبا کو ڈی یو آکر لمبی لائن میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ڈی یو میں طلبا کو جلد ہی آن لائن مارک شیٹ دینے کی سہولت نافذ کی جارہی ہے۔ ڈی یو کے ایگزام ڈپارٹمنٹ کے ڈین پروفیسر ڈی ایس راوت نے بتایا کہ ہم ڈی یو میں ’اینی ٹائم- اینی ویئر‘ یعنی کہیں بھی، کبھی بھی مارک شیٹ دینے کی اسکیم کو نافذ کرنے جارہے ہیں۔ اس سے طلبا کسی بھی دن 24 گھنٹے اپنی مارک شیٹ آن لائن لے سکیں گے۔ انہیں اس کے لیے ڈی یو کے ایگزام ڈپارٹمنٹ کے کاؤنٹر پر لمبی لائن میں نہیں لگنا پڑے گا۔ پروفیسر راوت نے بتایا کہ یہ سہولت ان طلبا کے لیے ہے جو مارک شیٹ جاری ہونے کے 6 ماہ تک اسے نہیں لیتے ہیں۔ ابھی تک طلبا کو آن لائن اپنی مارک شیٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کا لنک دیا جاتا ہے، لیکن 6 مہینے بعد یہ لنک بند ہوجاتا ہے۔ 6 مہینے بعد مارک شیٹ آف لائن طریقے سے ایگزام ڈپارٹمنٹ کے کاؤنٹر سے ملتی ہے۔ اس کے لیے 500 روپے کی ادائیگی کرنی ہوتی ہے۔ ساتھ ہی یہاں اس کے لیے طلبا کو لمبی لائن میں بھی لگنا پڑتا ہے۔ اس سے طلبا کو پریشانی بھی ہوتی ہے۔
لہٰذا ہم نے آف لائن سہولت کو ختم کرکے اسے آن لائن 24 گھنٹے کرنے کی اسکیم تیار کرلی ہے۔ نئی سہولت کے تحت نومبر دسمبر 2012 سے لے کر اب تک جو بھی مارک شیٹ طلبا کو چاہئے ہوگی وہ آن لائن ڈاؤن لوڈ کی جاسکے گی۔ پروفیسر راوت نے بتایا کہ ہر سال تقریباً 70 ہزار ریگولر طلبا اور اسکول آف اوپن لرننگ اور این سی ویب کے 2لاکھ طلبا کی مارک شیٹ جاری کی جاتی ہے۔ ان میں سے 10 فیصد ایسے طلبا ہوتے ہیں، جو وقت پر اپنی مارک شیٹ ڈاؤن لوڈ نہیں کرتے ہیں، لہٰذا 6 ماہ بعد آن لائن لنک بند ہونے پر وہ ایگزام ڈپارٹمنٹ سے مارک شیٹ لینے آتے ہیں۔ اس سے انہیں ایک تو یہاں آنا پڑتا ہے اور لمبی لائن ہونے سے وقت بھی برباد ہوتا ہے۔ لہٰذا ہم نئی سہولت نافذ کرکے طلبا کو راحت دینے جارہے ہیں۔ ہم آنے والے 10 سے 15 دنوں میں نئی سہولت نافذ کریں گے۔