فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے ایک بچی کی موت، 20افرادزخمی

    0

    ہاپوڑ(ایس این بی)
    تھانہ حافظ پور حلقہ کے موضع بڑودہ سہانی میں واقع ماوا بنانے کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے تقریباً20افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے جن میں زیادہ تر بچے ہیں۔زیادہ گیس بھرنے کی وجہ سے بوئلر تقریباً 300میٹر کی دوری پر واقع ایک مکان پر جاگرا جس سے مکان کی چھت گرگئی جس میں دب کر 10بچوں سمیت 14افراد شدید زخمی ہوگئے۔ماوا فیکٹر ی میں بھی4افراد شدید طور پر زخمی بتائے گئے ہیں۔بعد میں مصباحہ(5) بنت صداقت کی موت ہوگئی۔
    ایڈیشنل ایس پی کی قیادت میں ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور ملبہ میں دبے سبھی افراد کو ہاپوڑمختلف ذاتی اسپتالوں میں داخل کرایا۔بوائلرکے پھٹنے سے گائوں میں افراتفری مچ گئی پورے گائوں میں رنج وغم کا ماحول ہے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں منہدم مکانوں سے ملبہ کو ہٹانے کے کام میں لگی ہیں۔موصولہ اطلاع کے مطابق موضع بڑودہ سہانی میں ونیت شرما ولد نرنجن شرما کی2سال سے دودھ سے ماوابنانے کی فیکٹر چل رہی تھی۔اتوار کی صبح 7بجے فیکٹری میں کام چل رہاتھا اسی دوران فیکٹری میں لگے تقریباً20کوئنٹل کے بوئلر میں زیادہ گیس بھر نے کی وجہ سے بوئلر پھٹ گیا جس کی زد میں آکر فیکٹری میں کام کررہے 4افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔جبکہ آسمان میں اڑابوئلر کاایک بڑاحصہ 3سوگز کی دوری پرواقع ہارون کے مکان کی چھت پر جاگراجس سے ہارون کا مکان زمیں دوز ہوگیا۔جس میں دب کر 10بچوں سمیت 14افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔بوئلر پھٹنے کی وجہ سے پورے گائوں میں افراتفری مچ گئی۔بڑ تعداد میں گائوں والوں نے ملبہ سے زخمی افراد کو نکالنے کاکام شروع کیا۔اطلاع ملتے ہی اے ایس پی سرویش مشراکی قیادت میںریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور سبھی زخمی افراد کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا۔بتایاگیاہے کہ ونیت شرماکا 40سال پرانا ماوا بنانے کاکاروبار ہے۔فیکٹری میں تقریباً100سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔ماوابنانے کے پلانٹ میںگیس اوور فلو ہوگئی جس سے بوئالر زبردست دھماکہ کرتاہواسینکڑوں گز کی دوری پر جاگرا۔اس حادثہ میں کئی مکان منہدم ہوگئے ہیں۔دھماکہ کی زد میں آنے والے اقصیٰ،شبنم،شاہ ویز، ثانیہ، شہرین، رمشا، سہیل، فرزانہ،یوسف منتشا،وسیم،محسن اور سونو  سمیت 20افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں 2بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ایس ڈی ایم وجے وردھن کاکہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ کی بغیرمنظوری کے چلائے جارہے پلانٹ کی جانچ کرائی جارہی ہے۔ غیرقانونی طور پرچل رہے مالک کے خلاف قانون کارروائی کی جائے گی۔اس معاملہ میں ضلع مجسٹریٹ ادتی سنگھ نے بھی جانچ کے احکامات جاری کئے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ اس کی جانچ کرائی جائے گی اور جو بھی قصوروار ہوگا اور جو بھی کمی پائی جائے گی اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS