5افراد جھلسے، 5دکانیں جل کر خاکستر، سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایاگیا، وزیر اعلیٰ کا حادثہ پر اظہار افسوس
محمد غفران آفریدی
نئی دہلی (ایس این بی) : شمالی دہلی کے آزاد مارکیٹ علاقہ میں ہفتہ کی صبح تقریباً پونے پانچ بجے کئی دکانوں میں اچانک آگ لگ گئی اور کروڑوں کا سامان خاکستر ہو گیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ وہاں موجود 3 عمارتوں میں سے ایک عمارت زمین دوز ہوگئی،جبکہ تقریباً 5 لوگوںکے زخمی ہونے کی بھی خبرہے۔اطلاع ملتے ہی مختلف فائراسٹیشنوں سے آگ بجھانے والی3 درجن سے زائد گاڑیاں پہنچیں اورفوری آگ بجھانے کا کام شروع کیا،تاہم آس پا س کی دکانیں، مکانات اور گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئیں، گھنٹوں کی سخت جد وجہد کے بعدفائربریگیڈ عملہ کو کامیابی ہوئی۔ اطلاع کے مطابق تقریباً 4بج کر 50منٹ پر ایک زور دار دھماکہ ہوا، دھماکہ اتنا تیز تھا کہ اطراف کے علاقوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ سحری کے بعد فجر کی نماز ادا کر نے مسجدکا رخ کررہے لوگوں نے بتایا کہ ہم نے فوری فائربریگیڈ کو کال کی اور مختلف فائر اسٹیشنوں کی فائر محکمہ کی گاڑیاں 15منٹ میں پہنچیں، جب تک آگ نے خطرناک شکل اختیار کر لی ، اس کے بعد بھی کئی دھماکے ہوئے، آگ کی لپٹیں اتنی اوپر اٹھ رہی تھیںکہ آس پاس کی بلڈنگوں کو فوری خالی کرایا گیا۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ یہاں غیر قانونی طور پر یہ دکانیں ہیں ،کوئی لائسنس نہیں ہے اور نہ ہی تحفظ کیلئے کچھ سامان ہے ، وہیں یہاں پر انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب گاڑیوں کی مرمت کی بھی دکانیںہیں ،دکاندار حکومت کے بنائے گئے اصول وضوابط کی دھجیاںاڑارہے ہیں ، ایسے میںانتظامیہ کو اس پوری مارکیٹ پر دھیان دینے کی ضرورت ہے،تاکہ ایسا خطرناک حادثہ نہ پیش آئے۔
اس سلسلے میںڈویزنل فائر آفیسر راجیند اٹوال نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ آزاد مارکیٹ چوک کے مٹھائی پُل کی طرف جا نے والے راستہ ترپال مارکیٹ وشیواجی روڈ پر 5,6دکانوں میں آگ لگ گئی،جن میں سے دو عمارت فوری زمین دوز بھی ہوگئیں اورلاکھوں ، کروڑوں کا مال جل کر راکھ ہوگیا،البتہ فائرعملہ ،این ڈی آر ایف ،دہلی پولیس ، سیو ل ڈیفنس سمیت دیگر اہلکاروں کی کوششوں سے تقریباً ساڑھے آٹھ بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیںہے،لیکن 4,5لوگ کافی زخمی ہوئے ہیں۔راجیندر اٹوال نے بتایا کہ گیس سلینڈر پھٹنے سے آگ لگی ہے ، وہیں آس پاس میں تیل و ترپال وغیرہ کے بھی کارخانہ ودکانیں ہیں، جس سے آگ مزید بڑھ گئی، جس کی وجہ سے آگ پر قابو پا نے میںکافی مشقت کا سامنا کر نا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ فائربریگیڈ کے 100 سے زائد اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے موقع پرآگ بجھانے میں اپنی اہم ذمہ داری نبھائی، اس کے ساتھ باڑ ہ ہندو راؤ تھانے کی پولیس ٹیم اور سول ڈیفنس کی ٹیم نے بھی موقع پرپہنچ کرفائرعملہ کے ساتھ تعاون کیا ۔ وہیں دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے آتشزدگی کے اس حادثہ پر دکھ کااظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہاکہ آزاد مارکیٹ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے ، خدا کا شکرہے کہ کوئی جانی نقصان نہیںہوا،فائر بریگیڈ اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی ٹیموں نے پوری جا نفشانی سے صورت حال پر قابو پالیاہے ، میں اس حادثہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتاہوں۔دوسری جانب آج سارا دن آزاد مارکیٹ سڑک بند ہو نے کی وجہ سے موٹرسوار وراہگیروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ،وہیں ٹرانسفر مر وبجلی کی تار جلنے سے اطراف کے علاقوں کی لائٹ کی سپلائی بند ہو نے سے اور رمضان المبارک کے ایام اور شدید گرمی سے مقامی باشندوں کو پریشانی اٹھانی پڑی ۔خبر لکھے جا نے تک بجلی کے متعلقہ محکمے کی طرف سے تاروں کو درست کر نے کا کام جاری ہے ۔
آزاد مارکیٹ علاقہ میں بھیانک آتشزدگی، کروڑوں کا نقصان
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS