کمپنیوں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں بجلی محکمہ کے افسران: توانائی محکمہ
نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی سرکار بجلی کے صارفین کو یہ اختیار دے گی کہ وہ آن لائن اور آف لائن سبسڈی لینے اور نہ لینے میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔ اس کے پیچھے دلیل یہ ہے کہ 80 فیصد سے زیادہ صارفین آن لائن بل ادا کرتے ہیں، اس لیے صارف آن اور آف لائن آپشن کا انتخاب کرنے کے لیے آزاد ہوگا۔ اس کے لیے محکمہ کے افسران بجلی کمپنیوں سے مسلسل مشاورت کر رہے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ کجریوال سرکارنے اس اسکیم کا اعلان گزشتہ ہفتہ ہی کیا ہے۔وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے گزشتہ ہفتہ کو کہا تھا کہ مالی طور پر قابل صارفین کو سبسڈی اسکیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ لوگوں کی تجویز پر لیا گیا ہے۔ سبسڈی کے لیے صارفین کے اندراج کے طریقوں کو اس ماہ کے آخر تک حتمی شکل دینے کی امید ہے۔ ایک افسر نے بتایا کہ محکمہ رجسٹریشن کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ میٹنگ کر رہا ہے۔ انہوں نے دلیل دی کہ 80 فیصد سے زیادہ صارفین اپنے بجلی کے بل آن لائن ادا کرتے ہیں، ایک افسرنے کہا کہ جو لوگ آن لائن میڈیم کا استعمال نہیں کریں گے وہ ایک فارم بھر کر اور اسے ڈسکام آفس میں جمع کر کے سبسڈی کا انتخاب کرنے کے لیے آزاد ہوں گے۔ صارفین کو یکم اکتوبر سے سبسڈی سے متعلق آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔ راجدھانی میں 58.18 لاکھ بجلی صارفین ہیں۔ اس میں 47.11 لاکھ صارفین سبسڈی اسکیم کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ سبسڈی اسکیم کے تحت ایک ماہ میں 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو 100 فیصد سبسڈی مل رہی ہے اور 201 سے 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 800 روپے تک سبسڈی مل رہی ہے۔
بجلی سبسڈی کیلئے آن اور آف لائن سروس ہوگی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS