الٹ نیوز کے معاون ایڈیٹر کی ضمانت عرضی پر فیصلہ آج

0

محمد زبیر کے معاملہ کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل کی سرزنش
نئی دہلی (ایس این بی) : سبھی فریقوں کو سننے کے بعد سیشن عدالت نے الٹ نیوز کے معاون ایڈیٹر محمد زبیر کی ضمانت کی عرضی پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔ پٹیالہ ہاؤس عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج دویندر کمار جنگلا نے کہا کہ وہ اپنا فیصلہ 15جولائی کو دے سکتے ہیں، ساتھ ہی ابھی تک گواہوں اور شکایت کنندگان کا بیان نہ درج کرنے پر سوال اٹھایا۔ زبیر پر اپنے ٹوئٹ کے توسط سے مذہبی گروپوں کے درمیان دشمنی کو بڑھاوا دینے اور غیرملکی تعاون ایکٹ 2010 (ایف سی آر اے) کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ زبیر نے چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت سے اپنی ضمانت کی عرضی خارج ہونے اور 2جولائی کو 14دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیجے جانے کے حکم کو سیشن عدالت میں چیلنج کیا ہے۔ زبیر کے خلاف معاملہ 2018 میں فیکٹ-چیکر کے ذریعہ کیے گئے ایک ٹوئٹ پر مبنی ہے۔
ایس پی پی اتل سریواستو نے کہا کہ آلٹ نیوز کو کئی الگ الگ جگہوں سے ادائیگی حاصل ہوئی ہے۔ سیشن عدالت نے ان کی دلیل پر پوچھا کہ اس سے ایک غیرملکی باشندے کو کیا فائدہ ہوگا؟ ایس پی پی نے کہا کہ اس طرح انہیں بہکایا جارہا ہے۔ بڑی چالاکی سے وہ یہ سب کررہے ہیں۔ کہتے ہیں کہ یہ سب فلمیں ہیں۔ آپ نے ایک تصویر لی ہے اور اسے سوشل میڈیا پر ڈال دیا ہے۔۔۔ آپ نے ہنومان جی کو کیوں چنا ہے؟ ایف سی آر اے معاملہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ زبیر کے کھاتے میں 56لاکھ روپے آئے ہیں۔
دریں اثنادہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو الٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل کو سرزنش کی، جسے 2018 میں ایک ہندو دیوتا کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج دیویندر کمار جنگالا نے معاملے کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل سے اس معاملے میں اب تک ریکارڈ کیے گئے بیانات کی تفصیلات طلب کیں۔ جس پر وکیل نے تفتیشی ایجنسی کے ٹوئٹس اور ری ٹویٹس عدالت میں پیش کئے ۔ اس پر عدالت نے کہا کہ آپ ٹوئٹس اور ری ٹوئٹس دکھا کر کام نہیں کر سکتے ، بلکہ آپ کو کوڈ آف کریمنل پروسیجر (سی پی سی) کے تحت کام کرنا چاہیے۔ غور طلب ہے کہ پبلک پروسیکوٹر 12جولائی کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ معاملہ کی سماعت کرنے والی عدالت میں پیش ہوئے تھے اور کہا تھا کہ وہ 12اور 13جولائی کو عدالت میں پیش نہیں ہو پا رہے ، لہٰذا سماعت 14جولائی کو کی جائے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS