کرشنا جی راؤ کا انتقال،ان کے ریکارڈ کی جھلک

0
Image: The Hindu

نئی دہلی: (یو این آئی) ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے سابق مڈفیلڈر اور کوچ کرشنا جی راؤ کا اتوار کو یہاں بنگلورو میں انتقال ہوگیا۔انہوں نے 1966 میں بنکاک میں ایشین گیمز میں سینئر ٹیم میں بین الاقوامی سطح پر قدم رکھا۔ 1967 میں رنگون (اب یانگون) میں ایشین کپ کوالیفائر اور1968 میں کوالالمپور میں مرڈیکا کپ میں بھی ہندوستان کی نمائندگی کی تھی، جس میں انہوں نے کل چار میچ کھیلے۔انہوں نے 2000 میں انگلینڈ کے دورے کے دوران ہندوستانی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ اس دورے کے ساتھ ساتھ وہ 2001 مرڈیکا کپ، پری ورلڈ کپ اور سہارا ملینیم کپ میں ٹیم کے تکنیکی ڈائریکٹر تھے۔آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے صدر پرفل پٹیل نے فیڈریشن کی جانب سے کرشناجی راؤ کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا، “یہ سن کر بہت دکھ ہوا کہ راؤ اب ہمارے ساتھ نہیں ہیں۔ ہندوستانی فٹ بال میں ان کی انمول شراکت ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی۔ میں ان کے انتقال پراظہارتعزیت کرتا ہوں۔ ”
اے آئی ایف ایف کے جنرل سکریٹری کوشل داس نے کہا، “راؤ ایک غیر معمولی مڈ فیلڈر تھے، جنہوں نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کی اور بطور کوچ ہندوستانی فٹ بال کی بھی خدمت کی۔ ان کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت۔ خدا ان کی روح کو سکون دے۔ ”
قابل ذکر ہے کہ آنجہانی کرشنا جی راؤ نے گھریلو سطح پر کئی مواقع پر سنتوش ٹرافی میں میسور کی نمائندگی اور کپتانی بھی کی۔ اس دوران انہوں نے 1967 اور 1968 میں مسلسل دو سال میں کامیابی حاصل کی۔ وہ بنگلور میں سی آئی ایل کے لیے بھی کھیلے اور بعد میں کرناٹک کے لئے تکنیکی ڈائریکٹر اور 1990 کی دہائی میں بنگلورو میں ایچ اے ایل کے لئے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS