فائیو جی آمدکے ساتھ 2024 تک ہندوستان میں ڈیٹا کا استعمال دوگنا ہو جائے گا: نوکیا رپورٹ

0

نئی دہلی، (یو این آئی) نوکیا موبائل براڈ بینڈ انڈیکس (ایم بی آئی ٹی) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2024 تک ہندوستان میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا کا استعمال دوگنا ہو جائے گا اور 5 جی نیٹ ورک نئے ایکسلریٹر کا کردار ادا کرے گا۔ یہاں جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5G ٹیکنالوجی زیادہ سبز معیشت کی بنیاد بنے گی اور اب بلاڈیجیٹل گرین اکنامی کا تصورممکن نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5G نیٹ ورک ملک میں کام کی کارکردگی، پیداواری صلاحیت اور صحت مندترقی کی سمت میں اہم رول ادا کرے گا اور اس سے ہندوستانی صنعت میں ڈیجیٹلائزیشن کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق صنعت کاری کا چوتھا انقلاب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے زیر کنٹرول مینوفیکچرنگ پر مبنی ہوگا اور 5G اور 4G ٹیلی کمیونی کیشن نیٹ ورکس ہندوستان کو آئی سی ٹی (انفارمیشن اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن ٹیکنالوجی) کے میدان میں مینوفیکچرنگ اور سپلائی چین کا عالمی مرکز بننے میں مدد دے سکتے ہیں۔
جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں رپورٹ جاری کرتے ہوئے نوکیا کے سینئر نائب صدر اور کمپنی کے انڈیا مارکیٹ کے سربراہ سنجے ملک نے کہا کہ ملک میں موبائل ڈیٹا کا استعمال پچھلے پانچ برسوں میں 3.2 گنا سے زیادہ بڑھ کر 14 ایگزابائٹس فی ماہ سے زیادہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوکیا کی رپورٹ کے مطابق ملک میں موبائل ڈیٹا کا استعمال 2018 میں 4.5 ایگزابائٹس فی ماہ سے بڑھ کر 2022 میں 14.4 ایگزابائٹس تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اکتوبر میں 5G کے تجارتی آغاز نے بھی موبائل ڈیٹا کی کھپت میں اضافے کا اشارہ دیا ہے کیونکہ کمیونی کیشن سروس فراہم کرنے والے نئے شعبوں میں تیزی سے 5G نیٹ ورک شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فی صارف اوسط ڈیٹا کی کھپت 2018 سے تیزی سے بڑھ کر 2022 میں 19.5 GB تک پہنچ گئی ہے۔ 2024 تک ملک میں کل موبائل ڈیٹا کی کھپت 43.7 ایگزابائٹس ہونے کا اندازہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں ریلائنس جیو اور بھارتی ایئرٹیل نے 2022 تک ملک میں اپنی 5 جی نیٹ ورک سروس شروع کر دی ہے۔
تیسری سہ ماہی کے بعد سے ان کی خدمات مختلف اعلی استعمال والے مقامات پر کام کر رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2022 میں ہندوستان میں سات کروڑ 5G ڈیوائس فروخت ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں فی صارف موبائل ڈیٹا کی کھپت 2018 میں 9.7 جی بی فی ماہ سے بڑھ کر 2022 میں 19.5 جی بی فی ماہ تک سالانہ 19 فیصد کی شرح سے بڑھنے کی امید ہے۔
ہندوستان میں پرائیویٹ وائرلیس انفرااسٹرکچر پر سرمایہ کاری کا تخمینہ 250 ملین امریکی ڈالرہے، جو کہ نقل و حمل، مینوفیکچرنگ، بجلی اور پانی جیسی عوامی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیاں استعمال کریں گی۔

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS