پیر سے صرف چار اضلاع میں جزوی طور پر کورونا کرفیو

0
image:the economictimes

لکھنؤ : (یو این آئی) اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے کم پڑتے اثرات کے درمیان پیر کے روز 600 سے کم ایکٹو کیسزوالے 71 اضلاع کو جزوی طور پر کورونا کرفیو سے راحت ملے گی ۔ اب صرف میرٹھ ، لکھنؤ ، سہارنپور اور گورکھپور اضلاع میں کورونا کرفیو نافذ رہے گا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کے روز کووڈ ۔19 کی منیجمنٹ کے لئے تشکیل دی گئی ٹیم 09 کی میٹنگ میں کہا کہ کورونا وبا کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ریاست کی صورتحال ہر دن کے ساتھ بہتر ہورہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 اضلاع میں سنگل ہندسہ میں کیسز سامنے آئے ہیں ۔ مجموعی ایکٹو کیسز 17،900 رہ گئے ہیں۔ 10،141 افراد ہوم آئیسولیشن میں زیر علاج ہیں۔
تاہم لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ وائرس کمزور پڑا ہے ، ختم نہیں ہوا ہے ۔ تھوڑی سی لاپرواہی بہت بھاری پڑسکتی ہے ۔ کورونا پروٹوکول پرعمل کرنا سبھی کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں 03 لاکھ 10 ہزار سیمپل ٹیسٹ کئے گئے ، وہیں صرف 1،165 نئے پازیٹو کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پازیٹو شرح 0.4 فیصد تھی ، جبکہ شفایابی کی شرح 96.7 فیصد ہو چکی ہے ۔ اتر پردیش میں اب تک 05 کروڑ 13 لاکھ سے زیادہ کووڈ ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
انفیکشن کی چین توڑ کے لئے کنٹیکٹ ٹریسنگ کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر پازیٹو کی تصدیق ہونے پر اس سے رابطے میں آنے والے کم از کم 15 افراد تک ٹریسنگ کاروائی کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا کی کم ہوتی انفیکشن کی شرح کومدِنظررکھتے ہوئے اضلاع میں کورونا کرفیو لاگو رکھنے کے لئے 600 ایکٹو کیسز کا معیار طے کیا گیا ہے۔ اب تک 67 اضلاع کو کورونا کرفیو سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ، جبکہ موجودہ صورتحال کے مطابق وارانسی ، گوتم بدھ نگر ، مظفر نگر اور غازی آباد میں ایکٹو کیسز کی مجموعی تعداد 600 سے کم ہوگئی ہے۔ ایسی صورتحال میں پیر سے ان اضلاع میں ہفتے کے پانچ دن صبح 07 بجے سے شام 07 بجے تک کورونا کرفیو سے مستثنیٰ رکھا جائے گا ۔ میرٹھ ، لکھنؤ ، سہارنپور اور گورکھپور اضلاع کی صورتحال پر مسلسل نگرانی رکھی جائے ۔ ان اضلاع سے متعلق منگل کے روز غور کرنا مناسب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے ریاست کے تمام لوگوں کو ٹیکے لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 02 کروڑ ریاست کے باشندوں کو ٹیکہ لگایا گیا ہے ۔ 1،66،27،059 افراد کو پہلی خوراک اور 36،27،433 افراد نے دوسری خوراک دی گئی ۔ 18 سے 44 سال کی عمر کے 30 لاکھ نوجوانوں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS