خام تیل کی قیمتیں دے سکتی ہیں ’دھچکا‘، ہندوستان کے مقابلے کئی دیگر ملکوں کی نمو میں گراوٹ کہیں زیادہ: آشما گوئل

0

نئی دہلی، (پی ٹی آئی) : کووڈ19- کے بعد ہندوستان کی اقتصادی بحالی کی رفتار اچھی ہے اور شرح نمو بھی اندازے سے بہتر ہے۔ یہ آگے بھی جاری رہے گا لیکن خام تیل کی اونچی قیمتوں سے بحالی کو ’دھچکا‘ لگ سکتا ہے۔ معروف ماہر اقتصادیات آشما گوئل نے اتوار کو یہ رائے ظاہر کی۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مالیاتی پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی رکن گوئل نے کہا کہ افراط زر اب بھی موٹے طور پر مرکزی بینک کی اطمینان بخش سطح کے اندر بنی ہوئی ہے، ساتھ ہی سپلائی کی صورتحال بہتر ہونے سے اس کے اور نرم ہونے کے اشارے مل رہے ہیں۔ آشما گوئل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’ہندوستان میں کووڈ19- کے بعد اقتصادی بحالی اچھی رفتار سے جاری ہے اور شرح نمو اندازے سے زیادہ ہے۔ بہتر نمو کا سبب صرف بنیاد کا اثر نہیں ہے بلکہ 2020 میں نمو میں کافی گراوٹ آنے کے بعد 2021 میں ہندوستان کی نمو کئی دیگر ملکوں کے مقابلے کہیں اچھی رہی ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ اس کے پیچھے ہندوستان کے ذریعہ اصلاحات کو جاری رکھنا اور وسیع اقتصادی پالیسیاں ہیں۔ گوئل نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 2020 اور 2021 کے لیے جنوری کے نمو کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ہندوستان کے مقابلے کئی دیگر ملکوں کی نمو میں گراوٹ کہیں زیادہ رہی ہے، یہ بات اور ہے کہ پہلے لاک ڈائون کے بعد ہندستان کی نمو میں گراوٹ کے بارے میں کافی منفی باتیں کہی گئیں۔ یوکرین بحران کے ہندوستان معاشی نظام پر اثر کے بارے میں گوئل نے کہا کہ ’بحالی میں تسلسل بنا رہے گا لیکن خام تیل کی قیمتوں کے مسلسل اعلیٰ سطح پر بنے رہنے سے نمو میں کچھ نرمی آ سکتی ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ابھی مالیاتی اور اقتصادی پالیسی میں تیل کی اونچی قیمتوں سے لگنے والے دھچکوں کو منظم طریقے سے برداشت کرنے کے لیے گنجائش ہے۔‘ سرکار کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ایشیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت کے رواں مالی سال میں 8.9 فیصد کی شرح سے بڑھنے کی امید ہے۔ حالانکہ یہ پہلے کے 9.2 فیصد کے اندازے سے کم ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS