نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اترپردیش میں بدمعاشوں کے ساتھ تصادم میں آٹھ پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے پر گہرا رنج ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا قانونی نظم و نسق کی صورتحال ریاست میں کافی بگڑ چکی ہے۔ جرائم پیشہ افراد بے خوف ہیں۔ ریاستی حکومت کو ان کے خلاف کارروائی کرنے میں سستی نہیں برتنی چاہیے۔
پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’بدمعاشوں کو پکڑنے گئی پولیس پر بدمعاشوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس میں اترپردیش پولیس کے سی او، ایس او سمیت 8 جوان شہید ہوگئے۔ یو پی پولیس کے ان شہیدوں کے اہل خانہ کے ساتھ میری تعزیت‘‘۔
انہوں نے کہا ’’اترپردیش میں قانون و انتظام کی صورتحال کافی بگڑ چکی ہے۔ جرائم پیشہ افراد بے خوف ہیں۔ عام لوگ اور پولیس تک محفوظ نہیں ہے۔ قانون و انتظام کا ذمہ خود سی ایم کے پاس ہے۔ اتنی بڑے واقعہ کے بعد انہیں سخت کارروائی کرنی چاہئے۔ کوئی بھی سستی نہیں ہونی چاہئے‘‘۔
واضح رہے کہ کانپور میں دیر رات بدمعاشوں کو پکڑنے گئی پولیس ٹیم پر کی گئی فائرنگ میں سی او سمیت پولیس کے 8 اہلکار شہید ہوگئے۔