نئی دہلی: جنوبی دہلی کے علاقے دکشن پوری میں کل رات ایک شخص نے باہمی جھگڑے میں اپنی پانچ ماہ کی حاملہ بیوی کو ہلاک کردیا۔ شوہر اور بیوی کے درمیان روزانہ جھگڑے کو قتل کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ قتل کرنے کے بعد اس شخص نے امبیڈکر نگر پولیس اسٹیشن میں سرینڈر کر دیا۔ جنوبی دہلی کے ڈی سی پی اتول ٹھاکر کے مطابق گذشتہ رات 12:30 بجے کے قریب وجئے نامی شخص امبیڈکر نگر پولیس اسٹیشن پہنچا اور بتایا کہ اس نے اپنی بیوی کا قتل کر دیا ہے۔ اس کی یہ بات سن کر تھانے میں موجود پولیس اہلکار حیران ہوگئے۔ وجئے کو فوری طور پر دکشن پوری اس کے گھر لے جایا گیا جہاں سے اس کی بیوی ہیملتا کی لاش برآمد ہوئی۔ ہیملتا کا گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ ملزم وجے نے بتایا کہ وہ آٹو رکشہ ڈرائیور ہے۔ اس کا اپنی بیوی سے اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا، جس سے پریشان ہو کر اس نے اس قتل کی واردات کو انجام دیا۔ پولیس کے مطابق متوفی ہیملتا 5 ماہ کی حاملہ تھی۔ 28 سالہ ہیملتا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دی گئی ہے، ملزم وجئے پر قتل کا مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے پیش نظر لاک ڈاؤن جاری ہے جس سے ہر طبقے کے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ یہ لاک ڈاؤن اب 17 مئی تک جاری رہے گا۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS