جموں کشمیر: کورونا وائرس کے سبب2 مریضوں کی موت، کل اموات71 ہوئی

    0

    وادی کشمیر کے دو مختلف اضلاع میں کورونا میں مبتلا دو عمر رسیدہ مریضوں کی موت واقع ہونے کے ساتھ جموں وکشمیر میں اب تک اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 71 ہو گئی ہے۔شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ سری نگر کے نواب بازار سے تعلق رکھنے والے 80 سالہ مریض کو 16 جون کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اگلے روز ان کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ متوفی نمونیا اور ہائپر ٹینشن کے علاوہ بھی کئی عارضوں میں مبتلا تھا۔
    موصوف ڈاکٹر نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں سے تعلق رکھنے والے کورونا میں مبتلا 65 سالہ مریض کی بھی یہاں موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوفی کو بدھ کے روز اسپتال لایا گیا تھا اور وہ سانس لینے میں شدید تکلیف کی شکایت سے دوچار تھا۔
    ان دو مریضوں کی موت کے ساتھ جموں و کشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 71 ہوگئی ہے۔ وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ 17 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 12 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔ ضلع کولگام میں آٹھ، شوپیاں میں سات، اننت ناگ میں چھ، کپوارہ میں پانچ، بڈگام میں تین، پلوامہ میں دو اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS