ہندوستان میں کورونا سے اموات کی شرح دیگر ممالک کے مقابلے بہت کم

0

نئی دہلی: ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے لیکن مثبت یہ بات ہے کہ کورونا سے ٹھیک ہونے والے مریضوں کی تعداد میں زبردست اضافہ بھی ہورہا ہے اور دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہمارے ملک میں اموات کی شرح بہت ہی کم ہے۔
ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا متاثرین کے 6535نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1,45,380پر پہنچ گئی ہے۔ اسی مدت میں اس بیماری سے 2770لوگ صحتیاب ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہوئے لوگوں کی تعداد 60,490ہوگئی ہے۔ اس وقت کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 80722ہے اور کورونا کے معاملات کے دو گنا ہونے کی شرح 13.2فیصد ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کے ٹھیک ہونے کی شرح مارچ میں 7.1فیصد تھی اور دوسرے لاک ڈاون کے وقت یہ 11.42فیصد ہوگئی جبکہ تیسرے لاک ڈاون کے وقت یہ 26.69اور چوتھے لاک ڈاون کے بعد اب یہ 41.61فیصد ہوگئی ہے۔
دنیا کے دیگر ممالک کی اوسط اموات شرح 6.45فیصد کے مقابلہ میں ہندستان میں اموات کی شرح بہت کم ہے اور پہلے یہ 3.3فیصد (15اپریل تک) تھی جو اب مزید کم ہوکر 2.87فیصد ہوگئی ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک میں جہاں فی لاکھ کووڈ مریضوں کی شرح 69.9 ہے وہیں ہندستان میں یہ 10.7فی لاکھ ہے۔ دنیا میں فی لاکھ ہونے والی اموات 4.5ہیں جبکہ ہندستان میں یہ 0.3اموات فی لاکھ آبادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری مکمل توجہ معاملات کے بڑھنے پر نہیں ہونی چاہئے بلکہ لوگوں کی زندگی بچانے پر ہونی چاہئے کیونکہ یہ ایک وبائی مرض ہے اور جب تک اس کی کوئی موثر دوا یا ویکسین نہیں بن جاتی ہے تب تک سماجی دوری، صفائی ستھرائی اور دیگر احتیاط کو اختیار کرنا ضروری ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS