نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کے معاملوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9983 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ اسی عرصے میں مزید 206 افراد ہلاک ہوگئے۔
آج صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ، ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 2،56،611 ہوگئی ہے ، جبکہ اس وبا کی وجہ سے 7135 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ملک میں فی الحال 1،25،381 کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز ہیں جبکہ 1،24،095 افراد اس وبا سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔
اس وبا سے ملک میں ریاست مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہے،جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 3007 نئے معاملے درج ہوئے ہیں اور 91 افراد کی موت ہو چکی ہے ، جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 85،975 ہوگئی ہے اور اس جان لیوا وائرس سے ہلاک شدگان کی تعداد 3060 ہوگئی ہے۔ اس دوران ، ریاست میں 1924 افراد کورونا وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں ، جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 39،314 ہوگئی ہے۔