نئی دہلی: کورونا وائرس کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی کوششوں کو مستحکم کرنے کی غرض سے مرکزی حکومت نے اب تک 2.02 کروڑ این 95 ماسک ، 1.18 کروڑ پی پی ای کٹ اور ہائڈروکسی کلوروکوئن کی 6.12 کروڑ گولیاں مفت فراہم کی ہیں۔
صحت و خاندانی بہبود کی مرکز وزارت نے جمعہ کے روز بتایا کہ یکم اپریل سے اب تک مرکز نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں این۔95 ماسک، پی پی ای کٹس اور بڑی تعداد میں ہائڈروکسی کلوروکوین گولیاں تقسیم کی ہیں۔ اس کے علاوہ 11300 ’میک اِن انڈیا‘ وینٹی لیٹر بھی ریاستوں کو بھیجے گئے ہیں ، جن میں سے 6154 وینٹی لیٹر کئی اسپتال حاصل کرچکے ہیں۔ مرکزی حکومت ان کے انسٹالیشن اور ان کے کام کرنے کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔ مرکزی حکومت کے اس اقدام سے کووڈ آئی سی یو سروس میں وینٹی لیٹر کی کمی کے بڑے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزارت صحت آکسیجن بیڈ کے لئے ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو 1.02 لاکھ آکسیجن سلنڈر بھی فراہم کرارہی ہے جس میں سے 72293 کی ڈیلیوری ہوچکی ہے۔