عدالت سے رجوع کرنا آخری راستہ ہونا چاہیے: این وی رمنا

0

حیدرآباد (یو این آئی) : سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں زیر التوا معاملات کی جلد سماعت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ثالثی کے ذریعہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ جسٹس رمنا نے تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراوکے ساتھ شہرحیدرآباد کی نووٹل ہوٹل میں بین الاقوامی ثالثی مرکز کی کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیشترمعاملات عدالتوں میں آنے سے پہلے ثالثی کے ذریعہ حل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ عدالت میں آنا آخری راستہ ہونا چاہیے ۔اس کے بجائے مسائل کو مشاورت سے حل کیا جا سکتا ہے ۔
اثاثوں کی تقسیم خاندان کے افراد کے ذریعہ خوش اسلوبی سے طے کی جانی چاہئے ۔چیف جسٹس رمنا نے کہا کہ عدالتوں میں برسوں سے کئی معاملات چل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد بین الاقوامی ثالثی مرکز کے قیام کے لیے بہترین اورموزوں مقام ہے ۔ اس مرکز میں زیر التوا معاملات کے جلد از جلد حل ہونے کی امید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے ثالثی اہم ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی بر س عدالتی کشاکش میں ضائع کئے جاتے ہیں اس کے بجائے مصالحت کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مسائل روز آتے رہتے ہیں۔ مسائل کے بغیر کوئی انسان نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ثالثی مراکز پیرس، سنگاپور، لندن اور ہانگ کانگ میں ہیں۔ حیدرآباد میں اس مرکز کا قیام بہت خوشی کی بات ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS