جنیوا: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائرکٹرجنرل ٹیدروس ایڈہانوم نے متعدد ممالک کے اقدامات پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر بنیادی اقدامات پرعمل نہیں کیا گیا تو یہ وبا پھیلتی جائے گی۔
عالمی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ٹیدروس ایڈہانوم نے جنیوا میں عالمی ادارہ صحت کے مرکز میں آن لائن نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ ’’میں دوٹوک کہوں گا کہ کئی ممالک غلط سمت میں جارہے ہیں اوروائرس بدستورشہریوں کا سب سے بڑا دشمن ہے‘‘۔’’اگر بنیادی تدابیر پرعمل نہ کیا گیا تو یہ وبا پھیلتی چلی جائے گی اور یہ بد سے بدتر اور بدترین بن جائے گی‘‘۔
خیال رہے کہ دنیا میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 5 لاکھ سے زائد متاثرین دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں۔امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بننے والے عالمی ادارہ صحت کے ڈائرکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ اتوار کو 2 لاکھ 30 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔
ان کیسز میں سے 80 فیصد صرف 10 ممالک سے تھے اور 50 فیصد محض دو ممالک میں رپورٹ ہوئے۔امریکہ اوربرازیل کورونا سے بدترین متاثر ہونے والے ممالک ہیں۔ٹیدروس نے کہا کہ ’’مستقبل قریب میں پرانے معمول کے حالات کی طرف واپسی نہیں ہوگی اور اس حوالے سے انتہائی تشویش ہے‘‘۔ عالمی ادارہ صحت کو ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکہ کی دستبرداری کا باقاعدہ نوٹی فکیشن موصول نہیں ہوا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقید کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے بحران کے آغاز میں چین کے غلط اقدامات میں مدد کی جہاں کووڈ-19 سب سے پہلے رپورٹ ہوا تھا۔
امریکی صدرخود کوروناوائرس کو سنجیدہ نہ لینے پرسیاسی مخالفین کی جانب سے تنقید کی زد میں ہیں۔تاہم وہ اس تاثرکو رد کرتے ہیں اور گزشتہ روزپہلی مرتبہ عوام میں ماسک پہن کر نکلے تھے۔
عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے اصل مقام کے تعین کے سلسلہ میں تحقیقات کے لیے چین گئی تھی جہاں ووہان میں سب سے پہلے کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے۔ڈبلیو ایچ او کی ایمرجنسیز کے سربراہ مائیک ریان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم قاعدے کے مطابق چینی سائنس دانوں کے ساتھ مل کر کام شروع کرنے سے پہلے قرنطینہ میں ہے۔
امریکہ میں گزشتہ 5 روز سے روزانہ 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔یو ایس سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کی رپورٹ کے مطابق امریکہ بھر میں 60 ہزار 469 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور مجموعی تعداد 32 لاکھ 96 ہزار 599 ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق مزید 312 متاثرین ہلاک ہوئے اور اموات کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 884 ہوچکی ہے۔
اگر بنیادی تدابیر پرعمل نہ کیا گیا تو کوروناوائرس وبا پھیلتی چلی جائے گی: ڈبلیوایچ او
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS