پچھلے سو دنوں میں کورونا وائرس کے سب سے کم یومیہ معاملے

0

عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ-19) کےقہر سے دوچار  ملک کے لئے بڑی راحت کی بات یہ کہ گزشتہ سو دنوں کے طویل وقفے کے بعد  منگل کے روز سب سے کم تعداد میں نئے مریض سامنے آئے اور کورونا وائرس  سے مرنے والوں کی  تعداد بھی 500 سے نیچے رہی۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران  کورونا وائرس کے 36469 نئے کیس سامنے آئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7946429 ہوگئی۔ اس عرصے کے دوران  488 مریض فوت ہوئے اور مرنے والوں کی تعداد 119502 ہوگئی۔
اس سے قبل 18 جولائی کو سب سے کم یومیہ 34884 نئے کیس رپورٹ ہوئے تھے اور 671 مریض فوت ہوئے تھے۔ اس کے بعد  19 جولائی کو  38902 نئے کیس رپورٹ ہوئے، 543 افراد کی موت ہوئی تھی اور اس کے بعد کورونا وائرس نے  پھر زور پکڑلیا۔
ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 30 جنوری کو سامنے آیا تھا اور ستمبر کے دوسرے نصف کے دوران یہ اعلی ترین سطح پر پہنج گیا جب کئی دن تک روزانہ 90 ہزار سے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے اور ایک بار ان کی تعداد 97 ہزار سے بھی اوپر چلی گئی۔
کووڈ-19 کے نئے کیس گزشتہ چھ ہفتوں سے کم ہورہے ہیں اور ان میں 19 سے 25 اکتوبر کے دوران سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس ہفتے کے دوران 361626 نئے کیس سامنے آئے تھے۔ جبکہ 7 سے 13 ستمبر کے ہفتے کے دوران ملک میں ریکارڈ 645014 مریض رپورٹ ہوئے۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے حکومت زیادہ سے زیادہ تحقیقات پر زور دے رہی ہے اور 26 اکتوبر تک مجموعی طور پر 10 کروڑ 44 لاکھ 20 ہزار 894 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے۔ اوسطا فی 10 لاکھ آبادی  75 ہزار543  جانچ کی گئی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS