نئی دہلی(یو این آئی)
ملک میں کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے قہر کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 92 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 48.46 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے لیکن 77 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے صحت یاب بھی ہو ئے ہیں ۔مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے پیر کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 92,071 نئے کیسزسامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 48,46,427 تک پہنچ گئی جبکہ کورونا انفیکشن سے صحت یاب ہونے والوں کی کی تعداد 77,511 بڑھ کر 37,80,107 ہوگئی۔ اسی دوران 1136 مریضوں کی موت ہو گئی ۔ اب تک ملک میں 79,722 کورونا سے متاثرہ مریضوں کی موت ہو گئی ہے۔ صحت یاب ہونے والوں کے مقابلے میں کورونا کے نئے کیسززائد ہونے سے ایکٹوکیسز کی تعداد 13,423 بڑھ کر 9,86,598 ہوگئی ہے ۔ ملک کی محض 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہی ایکٹو کیسز کم ہوئے ہیں ، جس میں سب سے کم چھتیس گڑھ میں 1741 اور اس کے بعد تلنگانہ میں 1075 کم ہوئے ہیں۔ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 20.36 فیصد ہے اور صحت یابی کی شرح 78.00 فیصد ہے جبکہ شرح اموات 1.64 فیصد ہے ۔کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرمہاراشٹر میں ایکٹو کیسز کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے اوریہاں ایکٹو کیسز 10,578 بڑھ 2,90,716 ہو گئے ہیں اور 416 افراد کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد 29,531 ہو گئی ہے ۔ اسی دوران 11,549 افراد کے اس وبا سے صحت یاب ہونے سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 7,40,061 ہوگئی ۔
دریں اثنا دنیا میں کورونا وائرس ( کووڈ- 19) وبا سے دوکروڑ 88 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 9.22لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اور انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کوروناوائرس سے دنیا بھر میں 2,88,92,810 افراد متاثر ہو ئے ہیں اور 922,735 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 65,19,249 سے تجاوز کر گئی ہے اور اب تک 1,94,073 ہلاک ہو چکے ہیں۔