کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ 16اکتوبرکو

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : کانگریس کے داخلی جھگڑوں اور قیادت کے بارے میں سوالات کے درمیان پارٹی نے ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ طلب کی ہے، جو کافی اہم ہوگی۔کانگریس کے اعلیٰ پالیسی ساز شعبہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ دسہرہ کے اگلے دن 16اکتوبر کو ہوگی جس میں لکھیم پورکھیری، کسانوں کے مسائل اور دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بروز ہفتہ16 اکتوبر کو صبح 10بجے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ہوگی جس میں موجودہ سیاسی حالات پر تفصیل سے بات چیت کی جائے گی۔خیال رہے کہ کانگریس میں سینئر لیڈر غلام نبی آزاد، کپل سبل، آنند شرما سمیت تقریباً 23لیڈر پارٹی قیادت سے ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بلانے


اور اس میں کانگریس صدر کا الیکشن کرانے کی مانگ کررہے ہیں۔ان لیڈروں نے گزشتہ ہفتہ بھی یہی مانگ تھی جس پر کچھ لیڈروں کے مابین تکرار ہوئی تھی۔کانگریس کے کچھ کارکنوں نے کپل سبل کے گھر کے سامنے نعرے بازی کی تھی جس پر سینئر لیڈر پی چدمبرم نے بھی ناراضگی ظاہر کی تھی اور کہا کہ کانگریس میں اس طرح کی صورتحال نہیں ہونی چاہئے ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں سیاسی صورتحال کے علاوہ آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات اور تنظیمی انتخابات پر بھی بات چیت ہوگی۔ یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے جب پارٹی کو پنجاب، چھتیس گڑھ اور راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں گروپ بندی کا سامنا ہے اور اترپردیش سمیت 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ راہل گاندھی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تب سے سونیا گاندھی عبوری صدر کی حیثیت سے پارٹی کے امور کو دیکھ رہی ہیں، جس پر کئی سینئر لیڈروں نے سوالات اٹھائے ہیں اور وہ مستقل صدر بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ کورونا وبا کی وجہ سے تنظیمی انتخابات کئی بار ملتوی ہوچکے ہیں، لیکن اِس وقت پارٹی میں جو حالات ہیں اور قیادت پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں ، تنظیمی انتخابات کو ٹالنا مشکل ہوگیا ہے۔ شاید اسی لیے پارٹی نے ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ طلب کی ہے، جس کے ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے۔ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں نہ صرف مرکزی قیادت پر بات ہوسکتی ہے بلکہ اس کا بھی امکان ہے کہ ریاستی قیادت اور پارٹی کے وزرائے اعلیٰ پر بھی بات چیت ہو، کیونکہ کئی ریاستوں میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کی مانگ اٹھ رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS