کانگریس کے ووٹ چوری کرائے جارہے ہیں، گیانیش کمار ووٹ چوروں کو بچا رہے ہیں: راہل گاندھی

0

نئی دہلی، (یو این آئی) : کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ پورے ملک میں کانگریس کو ووٹ دینے والے ووٹروں کے نام جان بوجھ کر انتخابی فہرستوں سے ہٹائے جا رہے ہیں اور یہ کام ملک بھر میں خودکار، مرکوز اور حکمت عملی کے تحت کیا جا رہا ہے۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کےلیڈر مسٹر گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے والوں کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب شکایت کی جاتی ہے تو اس پر کوئی کاروائی نہیں ہوتی۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ مسٹر گیانیش کمار ملزمان کو بچا رہے ہیں اور ووٹ چوری کی کارروائی کو تحفظ فراہم رہے ہیں۔

جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں مسٹر گاندھی نے کہا کہ ووٹ حکمت عملی کے ساتھ کاٹے جا رہے ہیں اور کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے ووٹروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کرناٹک کے الند کا ذکر کیا، جہاں 6,018 ووٹ کاٹے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جن ووٹر کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے ہیں وہ اس بات سے بے خبر ہیں کہ ان کے نام حذف کردیے گئے ہیں۔ نام حذف کرنے کا یہ عمل نہایت صاف، منظم اور مرکوز طریقے سے انجام دیا گیا ہے۔

انہوں نے اس معاملے کے حوالے سے پریس کانفرنس میں کچھ ووٹروں کو بھی پیش کیا۔ ان میں سے ایک سوریہ کانت نے کہا کہ اس نے کوئی ووٹ ڈیلیٹ نہیں کیا ہے، جب کہ ان کے نام سے 12 ووٹ محض 14 سیکنڈ میں ڈیلیٹ کر دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ووٹ کاٹ دیا گیا جس کی انہیں خبر تک نہیں ہے۔ اپنا ووٹ کاٹے جانے سے وہ حیران ہیں اور جب اس معاملے کی شکایت کی گئی تو اس پر کہیں سنوائی نہیں ہورہی ہے۔

مسٹر گاندھی نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کو ووٹ دینے والے ووٹروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ دلت اور او بی سی ووٹوں کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔ کانگریس کے ووٹروں کے نام جان بوجھ کر ڈیلیٹ کیے گئے ہیں اور جن کے ووٹ ڈیلیٹ کیے گئے وہ اس سے لاعلم ہیں اور یہ تمام ووٹ کرناٹک سے باہر کے موبائل نمبروں سے ڈیلیٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ”سوال یہ ہے کہ ان ووٹوں کو کون اور کہاں سے ڈیلیٹ کر رہا ہے؟ کس نے اور کیسے او ٹی پی بنایا اور ووٹوں کو ڈیلیٹ کیا؟ کرناٹک کے الند میں 6018 سے زیادہ ووٹ کیسے ڈیلیٹ کیے گئے؟ محض 14 منٹ میں 12 ووٹ ڈیلیٹ کر دیے گئے اور جس شخص کے نام پر یہ کیا گیا اسے اس کی خبر تک نہیں ہے۔”

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ووٹوں کو ڈیلیٹ کرنے کا یہ واقعہ نہ صرف کرناٹک بلکہ مہاراشٹر کے راجواڑا میں بھی ہوا ہے۔ اسی طرح کا کام مہاراشٹر، ہریانہ اور اتر پردیش میں ہوا ہے۔ اس میں نام غلط ہوتے ہیں اور پتے تو ہوتے ہی نہیں ہیں۔

https://twitter.com/RahulGandhi/status/1968548194805301336

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS