راہل کی حفاظت کی ذمہ داری ریاستی حکومت کی

0

بھوپال:(یو این آئی) ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے آج کہا کہ راہل گاندھی کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت پر ہے اور شاید پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر کمل ناتھ نہیں چاہتے کہ یہ یاترا ریاست میں ہو۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ مسٹر گاندھی کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ پرندہ بھی پر نہیں مارسکتا ، شاید مسٹر کمل ناتھ نہیں چاہتے کہ مسٹر گاندھی کا دورہ مدھیہ پردیش میں ہو، اسی لیے وہ بار بار سیکورٹی کی بات کر رہے ہیں۔
مدھیہ پردیش میں مسٹر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے داخلے سے عین قبل کل کانگریس کے کچھ لیڈروں کو ایک مبینہ دھمکی آمیز خط منظر عام پر آیا تھا۔ اندور کے ایک حلوائی سے یہ مبینہ خط ملنے کی اطلاع پولیس تک پہنچی تھی۔ معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے اندور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے اور جس تاجر کو یہ خط ملا ہے اس سے بھی اطلاعات مانگی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ہاتھ سے لکھے گئے خط میں 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے اندور کے مختلف مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مسٹر راہل گاندھی اور مسٹر کمل ناتھ کو بھی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS