جے پور: (یو این آئی) راجستھان ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسررا نے کہا ہے کہ ریاست میں کوئی بدعنوان بچ نہیں پائے گا اور ان کی کانگریس حکومت ہی راشٹریہ سویم سیوک (آر ایس ایس) سے وابستہ نمبا رام کا بھی علاج کرے گی ۔
ڈوٹاسرا نے آج مہنگائی کے سلسلے میں ریاستی کانگریس کے پیدل مارچ کے بعد منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ توگڑیا اور آسارام کا علاج کانگریس سرکار نے کیا ، اب نمبا رام کا علاج بھی کانگریس ہی کرے گی۔ ریاست میں کوئی بدعنوان نہیں بچ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے کرپٹ لیڈروں کا ہماری سرکار ہی علاج کرے گی۔
انہوں نے مرکزی حکومت پر مہنگائی روکنے میں ناکام ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاستی کانگریس اس کی بڑھتی ہوئی مہنگائی،بے روزگاری،کسانوں کی نظراندازی سمیت بہت ساری عوام دشمن پالیسیوں کے سلسلے میں ریاست کے گاؤں گاؤں میں جاکر مرکزی حکومت کو مہنگائی کم کرنے کے لئے مجبور کیا جائے گا۔