ہیلی کاپٹر حادثہ:امریکہ اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کا اظہارافسوس

0

نئی دہلی (یو این آئی) : امریکی سفارت خانے نے تمل ناڈو ہیلی کاپٹر حادثہ میں جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور مسلح افواج کے دیگر اہلکاروں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ امریکی سفارتخانہ نے حادثے میں مارے گئے جنرل بپن راوت اور دیگر لوگوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے پہلے سی ڈی ایس کے طور پر ہندوستانی فوج میں تبدیلی کے ایک تاریخی دور کی قیادت کی۔ وہ امریکہ کے ایک مضبوط دوست اور شراکت دار تھے ۔انہوں نے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی جلد شفایابی کی دعا کی۔ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے انتقال پر پاکستان، بھوٹان اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہندوستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہلاکت، ان کی اہلیہ اور دیگر اہلکاروں کی موت پر تعزیت ظاہر کی۔اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھوٹان کے وزیراعظم لوٹے شیرنگ نے کہاکہ ’ہندوستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، جس میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13اہلکار موجود تھے ۔ ان سبھی کی اچانک موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔بھوٹان کے لوگ اور میں ان سبھی کیلئے دعا کررہے ہیں‘۔ اسی دوران روس کے سفیر نکولے کوداشیف نے ایک ٹوئٹ میں جنرل بپن راوت کی موت پر گہرے غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان نے اپنے عظیم محب وطن اور ملک کیلئے وقف حقیقی ہیرو کو کھو دیا ہے ۔ ایک اور ٹوئٹ میں کوداشیف نے کہا کہ روس نے ایک انتہائی قریبی دوست کو کھو دیا ہے، جس نے ہماری دو طرفہ اسٹرٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ ہندوستان کے ساتھ مل کر تعزیت کرتا ہوں۔ الوداع دوست! الوداع، کمانڈر! ہندوستان میں اسرائیل کے سفیر اور سابق فوجی افسر نور گیلن نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جنرل بپن راوت اور دیگر افراد کی موت سے گہرا صدمہ پہنچا ہے اور انہیں کافی دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل کے لوگ دکھ کی اس گھڑی میں ہندوستانی عوام اور حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔بدھ کے روز تقریباً 12.15بجے تمل ناڈو کے کنور کے قریب ہیلی کاپٹر حادثے میں بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13لوگوں کی جان چلی گئی۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ اس حادثے میں زخمی ہیں، ان کا علاج چل رہا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS