آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم میں ایک فارما کمپنی میں زہریلی گیس کے اخراج سے اب تک 11 افراد کی موت ہو چکی ہے، جبکہ ہزارو افراد بیمار ہوگئے اور کئی لوگوں کی حالت تشویشناک ہے۔
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی نے کنگ جارج اسپتال میں داخل متاثرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے متاثرین کے لئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندان والوں کے لئے ایک کروڑ روپیہ معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ متاثر افراد کو 10 لاکھ روپے کی امداد اور جو افراد اسپتال سے ڈسچارج ہو گئے ہیں ان کو ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے
ایل جی پولیمر کے نمائندے نے میڈیا کو بتایا کہ یہ لیکیج اس وقت ہوئی جب کمپنی لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ہونے کے بعد آج سے سرگرمیاں شروع کرنے کی تیاری کر رہی تھی۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گوتم سوانگ نے میڈیا کو بتایا، "آٹھ سو سے زیادہ افراد کو فیکٹری کے آس پاس دیہاتوں سے نکالا گیا اور دو سو افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ، جن میں دو درجن سے زائد افراد وینٹیلیٹر پر ہیں۔"