یوکرین: ٹرین اسٹیشن پر روسی میزائل حملہ، 52 افراد ہلاک

0

متعددزخمی، 6 ہفتوں سے جاری جنگ میں 40 لاکھ یوکرینی شہری ملک چھوڑنے پر مجبور، ملک کی ایک چوتھائی آبادی بے گھر
کیف (ایجنسیاں) : یوکرین میں حکام اور امدادی ٹیموں نے آج جمعہ کے روز بتایا ہے کہ مشرقی یوکرین کے شہر کراماٹورسک میں ایک ٹرین اسٹیشن پر روس کے میزائل حملے کے نتیجے میں 52 سے زیادہ افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ یہ ٹرین اسٹیشن ملک کے مشرقی حصے سے لوگوں کے انخلا کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ حکام کے مطابق حملے کے وقت اسٹیشن پر ہزاروں افراد موجود تھے۔اس سے قبل برطانیہ کی عسکری انٹیلی جنس نے بتایا کہ روسی افواج شمالی یوکرین سے مکمل طور پر نکل کر بیلا روس اور واپس روس چلی گئی ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق یوکرین کے مشرقی اور جنوبی حصوں میں شہروں پر روسی بم باری کا سلسلہ جاری ہے۔ روسی افواج جنوب میں ایزیوم شہر کی طرف سے پیش قدمی کر رہی ہیں۔دوسری جانب روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اودیسا شہر میں اجرتی جنگجوؤں کے ایک تربیتی مرکز کو ’بیسٹیون‘ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ یوکرین کی فوج کے 2 ہیلی کاپٹر اور 5 ڈرون طیارے مار گرائے گئے جب کہ ایک دن کے اندر یوکرین کی 81 عسکری تنصیبات تباہ کر دی گئیں۔یوکرین کا کہنا ہے کہ وہ 10 انسانی گزر گاہوں پر کام کر رہا ہے تا کہ محصور شہریوں کو نکالا جا سکے۔ تاہم ماریوپول سے فرار ہونے والے یوکرینی شہری نجی گاڑیاں استعمال کرنے پر مجبور ہوں گے۔واضح رہے کہ 6 ہفتوں سے جاری جنگ نے 40 لاکھ یوکرینیوں کو بیرون ملک فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔ جنگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں جب کہ ملک کی ایک چوتھائی آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS