نئی دہلی (ایجنسیاں) :کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم نے ملک گیر کوئلہ بحران پر مرکز کی مودی حکومت کو شدید طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ ہفتہ کے روز کیے گئے ایک ٹوئٹ میں انھوں نے بتایا کہ ملک میں وافر مقدار میں کوئلہ ہے، بڑے ریل نیٹ ورک ہیں، پاور پلانٹس میں صلاحیت ہے، پھر بھی بجلی کی زبردست قلت ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ اس کے لیے مودی حکومت کو قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، یہ تو کانگریس کی 60 سالہ حکومت کی وجہ سے ہوا ہے۔پی چدمبرم نے ٹوئٹ میں طنزیہ انداز میں یہاں تک لکھ دیا ہے کہ کوئلہ، ریلوے یا بجلی وزارتوں میں کمی نہیں ہے، قصور تو ان محکموں کے وزیر رہ چکے کانگریس لیڈروں کا ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی چٹکی لیتے ہوئے لکھا کہ مودی حکومت نے مسافر ٹرینوں کو رد کر کوئلہ ٹرینوں کو چلانے کا مناسب حل تلاش کر لیا ہے۔ مودی ہے، ممکن ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں بجلی بحران پیدا ہو گیا ہے اور راجدھانی دہلی میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس تعلق سے اپوزیشن لیڈران لگاتار مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ میں پھر سے کہہ رہا ہوں، یہ بحران چھوٹی صنعتوں کو تباہ کر دے گا، جس سے بے روزگاری مزید بڑھے گی۔ چھوٹے بچے اس زبردست گرمی کو برداشت نہیں کر سکتے۔ اسپتالوں میں داخل مریضوں کی زندگی داﺅپر ہے۔ ریل، میٹرو خدمات کو روکنے سے معاشی نقصان ہوگا۔انھوں نے ساتھ ہی وزیر اعظم سے یہ سوال بھی پوچھا کہ مودی جی، کیا آپ کو ملک کے لوگوں کی پروا نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS