کانکیر میں 15 جوانوں سمیت 17 لوگوں میں کورونا انفیکشن

    0

    کانکیر: چھتیس گڑھ کے کانکیر میں کورونا وائرس کی جانچ رپورٹ میں نکسل مورچے پر تعینات 15 جوانوں سمیت کُل 17 لوگوں میں کووڈ 19 کا انفیکشن پایا گیا ہے۔ 
    پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم اے اہیرے نے بتایا کہ کل رات کو کانکیر میں پہلے 3 کورونا پازیٹو مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ جس میں ایک بارڈر سکیورٹی فورس کا جوان بھی تھا۔ جوان چھٹی سے واپس لوٹا ہے۔ اس کے بعد رات 11 بجے کے آس پاس بارڈر سکیورٹی فورس کے 14 اور جوانوں کی کورونا جانچ رپورٹ پازیٹو آئی۔ اس میں سے 10 جوان کوئیلی بیڑا بلاک کے باندے کیمپ میں تعینات ہیں، وہیں 5 جوان انتاگڑھ کے کیمپ میں تعینات ہیں۔ 
    سبھی 15جوان حال ہی میں چھٹی سے لوٹے ہیں۔ جوانوں کے کسی انفیکشن سے متاثر شخص کے رابطے میں آکر کورونا کی زد میں آنے کی اطلاع ابھی نہیں مل سکی ہے۔ پازیٹو پائے گئے جوانوں کو آج صبح اسپتال بھیجا گیا ہے۔ ساتھ ہی اب بارڈر سکیورٹی فورس کے جن کیمپ میں یہ جوان تعینات تھے، وہاں کے جوانوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ 
    نکسل مورچے پر تعینات بی ایس ایف جوانوں کےلئے اب نکسلیوں کے ساتھ ساتھ کورونا سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔ ایک ہی دن میں 15 جوانوں کی رپورٹ پازیٹو آنے سے نکسل مورچے پر تعینات جوانوں میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ اس سے پہلے نارائن پور،کونڈاگاؤں ،سکما میں بھی نکسل مورچے پر تعینات جوان کورونا کی زد میں آچکے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS