رانچی: جھارکھنڈ میں جاری سیاسی بحران بالاخر جمعہ کے روز ختم ہوگیا اور چمپئی سورین جھارکھنڈ کے نئے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ انہوں نے رانچی راج بھون میں ایک تقریب میں ریاست کے 12ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ چمپائی سورین کے ساتھ کانگریس رہنما عالمگیر عالم نے بھی عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ ان کے ساتھ گورنر نے آر جے ڈی کے ستیانند بھوکتا کو بھی کابینہ وزیر کے عہدے کا حلف دلایا۔
چمپائی اور اتحادی رہنماؤں نے جمعرات کو گورنر سی پی رادھا کرشن کے سامنے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ اس بار گورنر نے انہیں ریاست میں نئی حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔ چمپائی کو 10 دن کے اندر اکثریت ثابت کرنی ہوگی۔
معلوم ہوکہ گورنر کے دعوت نامے سے قبل بھی چمپائی سورین نے گورنر سے ملاقات کی تھی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا۔
مزید پڑھیں: گیان واپی مسجد پر بولے مولانا ارشد مدنی، لوگوں کا عدلیہ پر اعتماد کمزور ہوا ہے
چمپائی سورین کا دعویٰ ہے کہ انہیں 47 ایم ایل اے کی حمایت حاصل ہے۔ قانون ساز پارٹی کے رہنما کے طور پر نامزد ہونے کے بعد، انہوں نے قبائلیوں اور غریبوں کے حقوق کی لڑائی جاری رکھنے کی بات کہی۔