کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لاک ڈاؤن کے درمیان کچھ ریاستوں کی طرف سے لیبر قوانین میں ترمیم کئے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک کورونا سے لڑ رہا ہے اور کسی کو مزدوروں کے اصل حقوق روندنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ کووڈ-19 وبا سے جنگ کے دوران کچھ ریاستوں میں مزدوروں کے حقوق میں ترمیم کرکے ان کا استحصال کرنے اور ان کی آواز دبانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ یہ بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور اس سے سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔
کانگریسی لیڈر نے ٹوئیٹ کیا، ”متعدد ریاستوں کی طرف لیبر قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ ہم کورونا کے خلاف مل کر جدوجہد کر رہے ہیں، لیکن یہ انسانی حقوق کو روندنے، غیر محفوظ کام کی جگہوں کی اجازت، مزدوروں کا استحصال اور ان کی آواز دبانے کا بہانہ نہیں ہو سکتا۔ ان کے بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا“۔