سی اے اے مظاہرہ: اعظم گڑھ کے جوہر پارک سے پولس نے مظاہرین کو جبراً ہٹایا، ماحول کشیدہ

0

نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف مظاہرے مسلسل جاری ہیں۔ اتر پردیش کے اعظم گڑھ اور لکھنؤ میں بھی اس سیاہ قانون کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس درمیان اعظم گڑھ کے جوہر پارک سے پولیس نے مظاہرین کو جبراً ہٹایا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس اور مظاہرین کے درمیان بحث ہوئی، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کی۔ پولیس کی بربریت سے ناراض مظاہرین نے ان پر پتھراؤ بھی کیا۔ فی الحال علاقے میں ماحول کشیدہ ہے اور جائے وقوع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ شہریت قانون کے خلاف خواتین منگل کو دن میں صبح 11 بجے دھرنے پر بیٹھی تھیں، اور دیر رات تک پولیس انہیں مظاہرہ ختم کرنے کے لیے سمجھاتی رہی۔ خواتین کا مظاہرہ پوری رات چلتا رہا۔ اس کے بعد بھی پولیس نے خواتین سے کئی بار اپیل کی کہ وہ مظاہرہ ختم کر دیں، لیکن انہوں نے بات نہیں مانی۔ پھر صبح تقریباً 4 بجے پولیس نے طاقت کا استعمال کر خواتین کو وہاں سے ہٹانا چاہا جس کے بعد بھیڑ مشتعل ہو گئی اور اینٹ پتھر چلنے لگے۔ اسی دوران پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ خبروں کے مطابق بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے پولس کے ذریعہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے لوگ اِدھر اُدھر بھاگنے لگے اور جوہر پارک میں بھگدڑ مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس واقعہ میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں اور وہ اپنے گاؤں کی طرف جا چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS