سرینگر(صریر خالد،ایس این بی):بڑی شاہراؤں کی دیکھ ریکھ کیلئے ذمہ دار فوج کی ذیلی تنظیم ’’بارڈر روڈس آرگنائزیشن‘‘یا بی آر او نے مشکل ترین حالات کے باوجود سرینگر-جموں شاہراہ پرریکارڈ چھ دنوں میں ایک عارضی پُل کھڑا کیا ہے۔تنظیم نے ہفتہ بھر سے بند پڑی اس شاہراہ کے سنیچر کی رات کو بحال ہونے کی امید دلائی ہے۔
وادیٔ کشمیر کو زمینی راستے سے بقیہ دنیا سے ملانے والی جموں- سرینگر شاہراہ 10جنوری کی شام کو اُسوقت ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند ہوگئی تھی کہ جب رام بن علاقہ میں کیلا موڈ کے قریب ایک اہم پُل کی ایک دیوار ڈھ گئی تھی۔چناچہ اس دیوار کی تعمیرِ نو میں کافی وقت درکار ہونے کے امکان کے بعد بی آر او نے ساتھ ہی ساتھ ایک عارضی پُل کی تنصیب کا کام شروع کیا تھا جسکی تکمیل کے کام میں دس دن کا وقت درکار بتایا گیا تھا۔تاہم دن رات کام جاری رکھتے ہوئے بی آر او نے محض چھ دن میں کام مکمل کرلیا ہے۔
تنظیم کے چیف انجینئر برگیڈئر آئی کے جگی نے اس موقعہ پر بتایا کہ پُل کے رات تک قابلِ آمدورفت بننے کی امید ہے۔انہوں نے تاہم کہا کہ اس پُل پر سے چالیس ٹن سے زیادہ بوجھ والی گاڑیوں کے گذرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسے تھوڑی دیر کیلئے بھی بند نہیں ہونے دیا جاسکتا ہے لیکن حکام کو اسے کئی دنوں تک بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔انہوں نے کہا ’’ایک طرف موسمی حالات،دوسری جانب کام کرنے کیلئے جگہ کی کمی،وسائل اور ذرائع کی دستیابی ایسی کئی چیزیں تھیں کہ جو چلینج بن گئی تھیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ عارضی پُل ہنگامی حالات میں استعمال ہوگا جبکہ بنیادی پُل کی مرمت و تعمیر نو کا کام شدومد سے جاری رہے گا۔
فوج نے ریکارڈ چھ دن میں عارضی پُل بناکر جموں-سرینگر شاہراہ کو کارآمد بنادیا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS