نئی دہلی (ایجنسیاں) : حکومت نے اس ماہ سے بین الاقوامی ایئر لائنز شروع کرنے کے فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کووڈ وبا میں کورونا کے نئے ویرینٹ کے اثرات کو دیکھتے ہوئے بین الاقوامی پروازوں کے بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے بدھ کو یہاں ایک سرکلر میں بتایاکہ کورونا کے نئے ویرینٹ سامنے آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے کے ساتھ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور تجارتی بین الاقوامی پروازوں کے آغاز کی تاریخ کے حوالے سے مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے 26نومبر کو جاری ایک سرکلر میں بتایا تھا کہ کمرشل بین الاقوامی پروازوں پر پابندی 14دسمبر کی آدھی رات تک بڑھادینے کی بات کہی تھی اور اس سے قبل وزارت شہری ہوا بازی کے ذرائع نے15دسمبر سے تجارتی بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کی اطلاع دی تھی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے قبل کے فیصلے کا جائزہ لے گا۔ جنوبی افریقی ممالک میں نئے ویرینٹ اومیکرون کی دہشت اور برطانیہ، بلجیم سمیت کئی ممالک میں اس وائرس کے پہنچ جانے کے بعد حکومت ہند بھی الرٹ موڈ میں آگئی ہے۔ ڈی جی سی اے نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے بڑھتے اثر کو دیکھتے ہوئے حالات پر قریب سے نظر رکھ رہا ہے۔ کمرشیل عالمی پرواز کو پھر سے
— DGCA (@DGCAIndia) December 1, 2021
شروع کرنے کی تاریخ پر اپنے فیصلے پر ایک بار پھر غور کرے گا۔ اس سے پہلے وزارت داخلہ، وزارت خارجہ و صحت و خاندان فلاح وزارت کے ساتھ غور و خوض کے بعد حکومت ہند نے 15دسمبر سے عالمی کمرشیل پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گزشتہ سال کورونا کے سبب 23مارچ سے ملک میں عالمی پروازوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ حالانکہ اس کے بعد وقت وقت پر کئی ممالک کے ساتھ محدود ہوائی خدمات شروع کی گئی تھیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 27نومبر کو اومیکرون پر ایک جائزہ میٹنگ کی تھی۔ اس میں 15دسمبر سے عالمی پروازیں شروع کرنے کے فیصلے کا جائزہ لینے کو کہا گیا تھا۔ وزیراعظم نے بیرون ممالک سے آنے والے لوگوںکی سخت نگرانی کرنے کی بات بھی کہی تھی۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے مدنظر یہاں کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ (سی ایس ایم آئی اے ) انتظامیہ نے یہاں آنے والے بین الاقوامی مسافروں کیلئے سخت رہنما ہدایات نافذ کردی ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے وزارت صحت کی طرف سے جاری نئی کووڈ رہنما ہدایات کو نافذ کرنے کیلئے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ نئی رہنما ہدایات بدھ یعنی یکم دسمبر سے نافذ ہوگئی ہیں۔سی ایس ایم آئی کے ترجمان نے بتایا کہ یہاں آنے والے بین الاقوامی مسافروں کو گزشتہ 14دنوں کے اپنے سفر کی تفصیلات کے ساتھ ایک سیلف ڈکلریشن لیٹر، ان کے پاسپورٹ کی ایک کاپی، کووڈ ٹیسٹ کی آر ٹی۔ پی سی آر نگیٹو رپورٹ دینی ہوگی۔ یہ رپورٹ 72گھنٹے سے زیادہ پہلے کی نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو آمد سے پہلے اور آمد کے بعد ٹیسٹ دونوں سے چھوٹ دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر بچوں میں کوئی علامات ملتی ہیں تو انہیں کورنٹائن کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے جنوبی افریقہ میں پائے گئے اومیکرون ویرینٹ نے قہربرپا رکھا ہے۔ کئی ممالک نے اس خطرناک ویرینٹ کو لے کر گائیڈ لائنس بنا دی ہے۔ وہیں کئی مقامات پر احتیاط برتی جارہی ہے۔ اس ویرینٹ کو ڈبلیو ایچ او نے پہلے ہی تشویشناک قرار دے دیا ہے۔