’بی جے پی نے الیکشن کے تقدس کو تباہ کر دیا‘ اکھلیش یادو

0

لکھنؤ، (یو این آئی) :سماجو وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر جمہوریت کا قتل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ پنچایت صدور کی نامزدگی کو غیرجمہوری طریقہ سے روکے جانے سے انتخابات کی غیرجانبداری اور تقدس تباہ ہوا ہے۔اکھلیش یادو نے اتوار کو کہا کہ وارانسی اور گورکھپور میں ضلع پنچایت اراکین کے انتخابات میں بی جے پی کو بری طرح شکست ملی تھی، اس حالت میں ان کے صدور کا بلا مقابلہ منتخب ہونا ایک کرشمہ سے کم نہیں ہے۔ پیسے اور اقتدار کی طاقت کا ایسا غیراخلاقی کھیل سے بی جے پی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ عوامی تائید کا احترام نہیں چاہتی ہے، اس کا ارادہ اس کو کچلنے کا رہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اصل میں بی جے پی نے گزشتہ ساڑھے 4 برسوں میں عوام کو ہر قدم پر دھوکہ دیا ہے۔ عوامی استعمال کی ہر چیز بی جے پی کی حکومت میں مہنگی ہوئی ہے۔ امن وقانون کی صورتحال تباہ ہوئی ہے۔ کورونا انفیکشن میں ہزاروں جانیں گئیں اور علاج اور دوا کی کمی سے لوگ تڑپتے رہے۔ کسان اپنے مطالبات پر تحریک چلا رہے ہیں اور بی جے پی حکومت ان کے مطالبات پر غور کرنے کے بجائے انہیں بے عزت کررہی ہے۔ نواجوانوں کے پاس ملازمت اور روزگار نہیں ہے۔ ریاست میں ترقیاتی پروجیکٹ ٹھپ ہیں۔ بی جے پی سب سے انتقام لینے میں مصروف ہے۔ جمہوریت کو نظرانداز کرنا بی جے پی کو بہت مہنگا پڑے گا۔ عوام 2022 میں مکمل حساب لیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS