شہریت قانون کے خلاف بہار میں آر جے ڈی کا بند،ریلوے اور ٹریفک نظام درہم برہم

0

نئی دہلی: بہار میں حزب اختلاف جماعت راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے آج شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف بہار بند کا اعلان کیا ہے۔ آر جے ڈی کے احتجاجی مظاہرے کے اثرات دکھنے لگے ہیں۔ بہار کے مختلف شہروں میں ریلوے اور ٹریفک نظام متاثر ہے۔ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں آر جے ڈی کے سیکڑوں حمایتی لاٹھیاں اور پارٹی کا پرچم لیکر ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں میں داخل ہوچکے ہیں۔
لیکن پولیس اہلکار مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، مظاہرین میں بڑی تعداد میں بچوں کی ہے۔ بہار کے نوادہ میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مظفرپور میں بھی مظاہرے کی خبر آرہی ہے۔ ارریا اور چمپارن کے اضلاع میں بھی مظاہرے ہو رہے ہیں اور یہاں مظاہرین ریلوے کی پٹریوں پر بیٹھ گئے ہیں۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل جتیندر کمار نے کہا ہے کہ ریاست بہار کے سبھی اضلاع میں اضافی پولیس دستہ تیعنات کیا گیا ہے اور سختی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ آر جے ڈی نے پہلے 22 دسمبر کو بند کا اعلان کیا تھا، لیکن پولیس تقرری کے لیے ہونے والے امتحانات کے پیش نظر آج 21 دسمبر کو مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS