بہار اسمبلی انتخاب کے تیسرے مرحلہ میں ہونے والی انتخابی تشہیر کے آخری دن وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ اگر اس مرتبہ این ڈی اے کی حکومت بنتی ہے تو بہار میں اگلے 5 سال میں صنعتی پالیسی نافذ کی جائے گی، جس کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ بہارمیں صنعتی پالیسی نافذ ہونے کے بعد مزدوروں کی نقل مکانی کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔نتیش کمار کٹیہار کے ہفلاگنج سیکنڈری ہائی اسکول میدان میں بی جے پی امیدوار کے حق میں جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ اس سے پہلے وہ پورنیہ پہنچے جہاں انہوں نے ایک بڑا بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ میر ا آخری اسمبلی انتخاب ہے۔اس کے بعد وہ انتخاب نہیں لڑیں گے۔ وزیراعلیٰ پورنیہ کے دھمداہا اسمبلی سیٹ کیلئے این ڈی اے امیدوار کے حق میں تشہیر کرنے پہنچے تھے۔ کٹیہار میں انہوں نے کہا کہ بہار مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنے خاندان کی بات کرتے ہیں اور این ڈی اے بہارکے کروڑوں لوگوں کی بات کرتا ہے۔ اب بہار کے لوگوں کو منتخب کرنا ہے کہ کون حکومت چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہار میں جرائم پر قابو پایا گیا ہے اور ترقی کی شرح ،آمدنی کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ دوبارہ عوام موقع دیتے ہیں تو پوری ریاست میں صنعتوں کا جال بچھایا جائے گا، تاکہ بہارکے لوگوں کو روزگار ملے۔ انہوں نے کہا کہ2005 میں نیائے یاتر ا پر جب ہم نکلے تھے تو کہا تھا کہ ساتھ دیجئے ترقی کریں گے اور ہم نے اپنا وعدہ پور اکیا۔ آج کوئی بھی علاقہ بے توجہی کا شکار نہیں ہے۔ آفات انتظامیہ کیلئے بھی میں نے کام کیا۔ اسکول اور اسپتال میں بہتری لاتے ہوئے خواتین کو ان کا حق دینے کا کام کیا۔ 50فیصد ریزرویشن دیا۔ ہم نے تغذیہ منصوبے کی شروعات کی۔ سائیکل منصوبہ چلایا اور لڑکوں کو بھی سائیکل دینے کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ زبان چلاتے ہیں، لیکن ہم کام کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ورلڈ بینک سے قرض لے کر جیویکا گروپ کی شروعات کی اور خواتین کو بیدار کیا۔ ہم نے سڑک، پل ، پلیا کی تعمیر کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کٹیہار ضلع میں بجلی کا بہتر نظم نہیں تھا، اسے بھی سدھارنے کا کام کیا۔ ہم نے کہا تھا کہ بجلی گھر گھر نہیں پہنچے گی تو ہم ووٹ مانگنے نہیں آئیں گے۔ ہر گھر تک پانی پہنچانے کا کام تیزی سے چل رہا ہے اور ہر وارڈ میں پختہ سڑک کی تعمیر بھی کی جارہی ہے۔ ہر ضلع میں انجینئرنگ کالج ، پالی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ کا قیام ہوا۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ بہار کے لوگوں کو بہارمیں ہی روزگار مہیا کرایا جائے گا، اگر موقع دیا گیا تو ہر کھیت تک آبپاشی کا پانی ، گندگی نہ پھیلے، اس کیلئے نالی کی تعمیر کرائی گئی ہے اور جام سے نجات کیلئے فلائی اوور بنائے جائیں گے۔
ہماری حکومت بنتی ہے تو لوگوں کی آمدنی دوگنی کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے براری، منیہاری میں جے ڈی یو امیدواروں کے حق میں بھی جلسہ کیا۔
یہ میرا آخری انتخاب، اس کے بعد الیکشن نہیں لڑوں گا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS