بہار: نصف سے زیادہ ممبران اسمبلی پر فوجداری مقدمات

0

پٹنہ ( ایجنسیاں)
بہار میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ کچھ داغدار لوگ اکتوبر نومبر میں ہونے والے اس سیاسی مقابلے میں بھی شریک ہوں گے۔ داغدار کا مطلب وہ ممبران اسمبلی یا امیدوار جن کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں۔ بہار اسمبلی میں کل 243 نشستیں ہیں۔ اس وقت 240 ممبران اسمبلی ہیں۔ ان میں سے نصف سے زیادہ ممبران اسمبلی کو فوجداری مقدمات کا سامنا ہے۔ بہار قانون ساز اسمبلی میں 240 ارکان اسمبلی میں سے 136 کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہیں۔ یعنی وہ داغدار ہیں۔ 94 ممبران اسمبلی کے خلاف سنگین فوجداری مقدمات ہیں۔ بہار الیکشن واچ اور ایسوسی ایشن برائے ڈیموکریٹک ریفارم (اے ڈی آر) نے موجودہ قانون سازوں کے ذریعہ دی گئی معلومات کا مطالعہ کرنے کے بعد یہ جانکاری دی ہے۔ ان میں زیادہ سے زیادہ فوجداری مقدمہ والے 41 فیصد ایم ایل اے آر جے ڈی میں ہیں ، کانگریس میں 40 فیصد ایم ایل اے ، جے ڈی یو میں 37 فیصد ایم ایل اے اور بی جے پی کے 35 فیصد ایم ایل اے داغدارہیں۔ یہ رپورٹ 2015 کے اسمبلی انتخابات اور اس کے بعد ہونے والے ضمنی انتخابات میںجمع کئے گئے حلف ناموں پر مبنی ہے۔ ان میں سے 11 ممبران اسمبلی پر قتل کے مقدمات درج ہیں۔ 30 پرقتل کی کوشش اور5 پر خواتین کے ساتھ زیادتی کے کیس ہیں۔ ایک ایم ایل اے پر عصمت دری کا مقدمہ درج ہے۔
اگر بات کریں ممران اسمبلی کی دولت کی تو بہار قانون ساز اسمبلی کے 240 ارکان میں سے 67 فیصد ممبران اسمبلی کروڑ پتی ہیں۔ کھگڑیا کی ممبر اسمبلی پونم دیوی یادو سب سے امیر ہیں۔ ان کے پاس 41 کروڑ روپے کی جائیداد ہے۔ اس کے بعد کانگریس کے بھاگل پور کے ایم ایل اے اجیت شرما 40 کروڑ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں۔ سب سے کم جائیداد والے ایم ایل اے میں رانی گنج سے جنتادل کے ممبر اسمبلی کے پاس 9.8 لاکھ روپے کی جائیداد ہیں۔ جے ڈی یو کے 69 ممبران اسمبلی میں سے51  ، آر جے ڈی کے 80 میں سے 51  ، بی جے پی کے 54 میں سے 33 ، کانگریس کے 25 میں سے 17 اور ایل جے پی کے 2 ممبران اسمبلی کروڑپتی ہیں۔ موجودہ ممبران اسمبلی کی اوسط دولت کے بارے میں بات کریں تو ، سب سے امیر ایم ایل اے کانگریس کے ہیں۔ کانگریس کے ممبران اسمبلی کی اوسطا جائیداد 4.36 کروڑ سے زیادہ ہیں۔ آر جے ڈی کی3.02 کروڑ ، جے ڈی یو کی2.79 کروڑ اور بی جے پی کی2.38 کروڑکی جائیدادہیں۔رہی بہار قانون ساز اسمبلی میں کتنے ممبران نے کس سطح تک تعلیم حاصل کی ہے۔تو 240 میں سے 94 اراکین اسمبلی نے صرف پانچویں سے بارہویں تک تعلیم حاصل کی ہے۔ 134 ممبران نے گریجویٹ یا اس سے اوپر اپنی تعلیمی قابلیت کا اعلان کیا ہے۔ 9 ایم ایل اے نے تعلیمی قابلیت میں صرف خواندہ لکھا ہے۔ ممبران اسمبلی کی عمر کے بارے میں بات کریں تو 128 کی عمر 25 سے 50 سال کے درمیان ہے۔ جبکہ 112 سال کی عمر 51 سے 80 سال کے درمیان ہے۔ 240 ممبران اسمبلی میں سے صرف 28 خواتین ہیں۔ اس کا مطلب ہے کل کا صرف 12 فیصد۔ 18 ممبران اسمبلی نے خود پر قرض ظاہر کیا ہے۔ یہ قرض 50 لاکھ یا اس سے زیادہ ہے۔ سب سے زیادہ قرض ڈمرائوکے جے ڈی یو ایم ایل اے ددن یادو کے نام ہے۔ ان پر 11.65 کروڑ روپے کا قرض ہے۔ اس کے بعد ، مقامہ سے آزاد ایم ایل اے اننت سنگھ سب سے زیادہ مقروض ہیں۔ ان پر4.02کروڑ کاقرض ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS