بھیما  کورے گاؤں:این آئی اے کی عذرداری پر نولکھا کو نوٹس

0

نئی دہلی :سپریم  کورٹ نے مہاراشٹر کے بھیماکورے گاؤں تشدد معاملے میں دہلی اور ممبئی کی خصوصی عدالتوں کی عدالتی کارروائی سے متعلق دستاویز طلب کرنے کے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (ای آئی اے)  کی عذرداری پرمنگل کو حقوق انسانی  کے  کارکن  گوتم نولکھا سے جواب طلب  کیا۔
جسٹس ارون مشرا کی صدارت والی  تین رکنی بنچ نے این آئی اے کی جانب سےپیش سالیسیٹر جنرل تشارمہتہ کی  دلیلیں سننے کے بعد نولکھا  کو نوٹس جاری کیا۔ 
عدالت نے  معاملے کی  سماعت کے لئے دو ہفتہ بعد کی تاریخ مقررکی ہے۔ بنچ میں جسٹس  ایس عبدالنذیراور جسٹس اندرا بنرجی بھی شامل  ہیں۔سماعت کی  ابتدا میں  مہتہ نے دلیل دی کہ ہائی کورٹ نے اپنے دائرہ اختیار کے بغیر ہی نچلی عدالت کوریکارڈ پیش کرنےکا 27 مئی کو حکم دیاتھا۔ ہائی کورٹ نے اپنے حکم  میں کہا تھا کہ نولکھا کی عبوری ضمانت کی عرضی زیرالتوا ہونے کے دوران ہی انہیں ممبئی لے جانے کے سلسلے میں این آئی اے نےغیرضروری جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔
نولکھا ان پانچ حقوق انسانی کے کارکنوں میں شامل ہیں جنہیں نکسلیوں کے ساتھ مبینہ تعلقات اوربھیماکورے گاؤں تشدد میں ان کی مبینہ ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ نولکھا کو اگست 2018 میں پونے کی پولس نے ان کے دہلی کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
یواین  آئی۔ ظ ا

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS