Image:The Hindu

44سیٹوں پر 76فیصد ووٹنگ5vکی موتvایک بوتھ پر الیکشن ملتوی
کولکاتا(ایجنسیاں) :مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں 44سیٹوں پر ہوئے الیکشن میں 76.16فیصد پولنگ ہوئی۔ اس دوران انتخابی تشدد میں کم از کم پانچ لوگوں کی موت ہوگئی۔بنگال میں چوتھے مرحلہ کی پولنگ کے دوران کوچ بہار کے شیتل کوچی میں کچھ لوگوں کی طرف سے سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) پر حملے کے بعد سی آئی ایس ایف کے جوانوں کی طرف سے کی گئی مبینہ فائرنگ میں کم از کم چار لوگوں کی موت ہوگئی۔اس سے پہلے کوچ بہار کے شیتل کوچی کے پاگل پیر میں پہلی بار ووٹ ڈالنے کے لئے لائن میں کھڑے ایک نوجوان کو ہتھیاروں سے لیس ایک گروپ نے گولی مارکر قتل کردیا۔ نوجوان کی شناخت آنند برمن کے طورپر ہوئی ہے۔بعد میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں 4 اور افراد کی موت ہوگئی، جن کی شناخت منیر الزماں، حمید میاں، چمن الحق اور نور عالم میاں کے طور پر ہوئی۔ اس معاملے پر کافی سیاست بھی ہوئی۔ ترنمول کانگریس نے مہلوکین کو پارٹی کا حامی بتاتے ہوئے بی جے پی پر الزام لگایا ہے، جبکہ بی جے پی نے ترنمول کانگریس کو واقعہ کے لیے مورد الزام ٹھہرایا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر الزام لگاتے ہوئے پورے معاملے کی سی آئی ڈی جانچ کی بات کہی اور وہ کل کوچ بہار کا بھی دورہ کرنے والی ہیں۔ اُدھروزیراعظم نریندر مودی نے کوچ بہار میں الیکشن کے دوران پہلی بار ووٹ ڈالنے والے ایک رائے دہندہ سمیت 5لوگوں کے مار ے جانے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس واقعہ کے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ہے ۔مسٹر مودی نے شمالی بنگال میں چائے باغان والے اس علاقہ میں سنیچر کو ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوچ بہارمیں جو کچھ ہوا وہ نہایت افسوسناک ہے ۔ میری تعزیت متوفیوں کے کنبوں کے ساتھ ہے۔ میں ان کی موت پر دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔ الیکشن کمیشن نے فائرنگ کے واقعہ پر خصوصی مبصر اور چیف الیکشن افسر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرکے ، جہاں شیتل کوچی کے پولنگ بوتھ نمبر 125پر پولنگ روک دی اور شام کو ایک بیان جاری کرکے کہا کہ اس کی نوبت اس لیے آئی کہ ایک غلط فہمی کی وجہ سے بھیڑ نے سیکورٹی فورسز پر حملہ کردیا۔یہی بات سی آئی ایس ایف نے بھی کہی ہے۔دریں اثنا الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کے تشدد سے متاثرہ ضلع میں لیڈروں کے داخلے پر 3 دنوں کی پابندی لگادی ہے۔ اسی کے ساتھ کمیشن نے ایک اور اہم فیصلہ یہ لیا ہے کہ اگلے مرحلے کی ووٹنگ کے لیے انتخابی تشہیر پر پابندی کی مدت72 گھنٹے کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS