بنگلہ دیش حکومت ہندوؤں پر حملوں کے واقعات کو روکنے کے لیے قدم اٹھائے : بی جے پی

0

نئی دہلی،(یو این آئی):بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش حکومت کو ہندو اقلیتوں کے خلاف پیش آرہے تشدد کے واقعات پرقابو پانے کے لیے فوری طور قدم اٹھانے چاہئے ۔
بی جے پی کے نائب صدراورمغربی بنگال سے رکن پارلیمنٹ دلیپ گھوش نے منگل کے روز دہلی میں بنگلہ دیش میں فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا۔ مسٹر گھوش نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک میں تشدد کے واقعات پر ان کی خاموشی مشکوک ہے۔
انہوں نے اس مسئلے پر یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا’’اس طرح کے واقعات ماضی میں بھی ہو چکے ہیں ، بنگلہ دیش کی شیخ حسینہ حکومت نے اس وقت اس کے خلاف سخت اقدامات کیے تھے اور اس پر قابو پایا تھا۔ تشدد کو روکنے کے لیے اب سخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ہندوؤں کو بنگلہ دیش میں پرامن طریقے سے رہنے کا حق ہونا چاہیے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا مرکزی حکومت کو اس معاملے میں سفارتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، مغربی بنگال بی جے پی کے سابق صدر نے کہا ’’حکومت سفارتی اقدامات کرے گی ، بات چیت جاری ہے۔ بنگلہ دیش حکومت کو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ہندوستان کو بنگلہ دیش پر مزید دباؤ بنانا چاہئے‘‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS