بحرین کے حکمران حماد بن عیسی خلیفہ نےہیلتھ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملک کے تمام شہریوں کو کووڈ۔ 19 کی ویکسین مفت فراہم کرے۔ یہ اطلاع جمعرات کو بحرین کی سرکاری نیوز بی این این نے دی۔
نیوز چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حماد بن خلیفہ کی سربراہی میں کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی سے متعلق حکومت کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد اس حکم کا اعلان کیا گیا ہے۔
کمیٹی نے پورےملک کے 27 طبی مراکز میں یہ ویکسین مفت فراہم کرنے کے منصوبوں اور تیاریوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے دوران ہیلتھ عہدیداروں نے ابتدائی طور پر یومیہ 5 ہزار افراد کو ٹیکے لگانے کے ارادےکا ظاہر کیا جن کی عمر 18 سال سے زیادہ ہے اور پھر اس میں اضافہ کرکے روزانہ 10 ہزار کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب اور کویت نے اپنے شہریوں کو کووڈ ۔19 ویکسین مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بحرین نے 4 دسمبر کو بائیوٹیک / فائزر کی ویکسین کے استعمال کی اجازت دی تھی۔