بابراعظم نے گیند بازی کا موقع نہیں دیا:حفیظ

0

لاہور(یو این آئی)پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ حال ہی میں اختتام پذیر انگلینڈ کے دورے میں وہ انگلینڈ کے خلاف بالنگ کے لیے دستیاب تھے لیکن بابراعظم نے انہیں گیند بازی کا موقع نہیں دیا۔حفیظ کے مطابق اگرچہ میں کپتان کے منصوبے میں نہیں تھا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ بالر کی حیثیت سے میری صلاحیت سے بے خبر ہے ۔ مستقبل میں اگر موقع دیا گیا تو بطور بالر بھی دستیاب رہوں گا۔ محمد حفیظ اس وقت ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنے کیریئر کی بہترین فارم سے گزر رہے ہیں اور آف اسپن بالنگ سے بھی کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں ۔محمد حفیظ نے حال ہی میں اختتام پذیر انگلینڈ کے دورے میں ایک بار پھر بلے سے اپنی صلاحیت ثابت کی، حفیظ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 176.13 کے اسٹرائیک ریٹ سے 155 رنز بنائے تھے جن میں 2 نصف سنچریاں شامل تھیں ۔پاکستان نے یہ سیریز 1-1 سے برابر کی تھی ۔39 سالہ آل راؤنڈر نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 6.58 کی اوسط سے 54 وکٹیں اپنے نام کررکھی ہیں۔ ماضی میں حفیظ کو اپنے کیریئر کے دوران بالنگ ایکشن کی قانونی حیثیت کے بارے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن فی الحال وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بالنگ کرانے کے اہل ہیں۔ کامران اکمل کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ مجھے پچھلے ایک سال سے بین الاقوامی کرکٹ میں بالنگ کرنے کی اجازت ہے کیونکہ انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد میں نے اپنے بالنگ ایکشن ٹیسٹ کو کلیئر کرلیا تھا۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS